آج کی تاریخ

کراچی :عمرہ پیکیج میں فراڈ، شہری سے 10 لاکھ سے زائد رقم بٹور لی گئی

کراچی (سٹاف رپورٹر)کراچی کے معروف شریف کاروباری شخصیت محمد شمیم نے کہاہے کہ اُن کے ساتھ عمرہ پیکیج کے حوالے سے ال لطیف ٹریول نامی ادارے نے فراڈ کیا۔محمد شمیم کے مطابق وہ عمرہ کی ادائیگی کے لیے کراچی میں واقع ال لطیف ٹریول کے دفتر گئے، جہاں اُن کی ملاقات ادارے کے ڈائریکٹر حسن سے ہوئی۔ حسن نے انہیں بتایا کہ عمرہ کا پیکیج 5 لاکھ روپے میں دستیاب ہے، جس میں مکہ مکرمہ کے لیے مکہ ٹاور (5 اسٹار ہوٹل) اور مدینہ منورہ کے لیے موون پِک انوار المدینہ شامل ہیں۔ یہ پیکیج کل 8 راتوں پر مشتمل تھا۔محمد شمیم کا کہنا ہے کہ روانگی سے ایک دن قبل جب وہ اپنا پاسپورٹ، ٹکٹ اور ہوٹل واؤچر لینے گئے تو معلوم ہوا کہ دونوں ہوٹلوں کی جگہ کم معیار کے اور فاصلہ زیادہ رکھنے والے دیگر ہوٹل بُک کیے گئے ہیں۔ ایجنٹ نے مزید رقم کا تقاضا کرتے ہوئے کہا کہ اب ان دونوں ہوٹلوں کے ریٹ بڑھ گئے ہیں، اس لیے پیکیج کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ایجنٹ نے چکنی چپڑی باتیں بنا کر اُنہیں 10 لاکھ 20 ہزار روپے ادا کرنے پر مجبور کیا اور روانگی سے قبل یہ یقین دہانی کروائی کہ تمام انتظامات بہترین سطح پر ہوں گے، مگر حقیقت اس کے برعکس نکلی۔محمد شمیم کے مطابق وہ عمرہ کے دوران مسلسل رابطہ کرتے رہے مگر نہ ہوٹل تبدیل کیا گیا اور نہ کسی نمائندے نے اُن سے رابطہ کیا۔محمد شمیم نے حکومتِ سندھ، محکمہ حج و عمرہ، اور ایف آئی اے سے درخواست کی ہے کہ وہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کر کے متاثرہ شہریوں کو انصاف فراہم کریں۔ “میری گزارش ہے کہ کوئی بھی شخص عمرہ یا حج پیکیج خریدنے سے پہلے ایجنسی کے لائسنس اور اجازت نامہ ضرور چیک کرے تاکہ کوئی اور اس طرح کے دھوکے کا شکار نہ ہو۔”

شیئر کریں

:مزید خبریں