لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی سے جمعہ کے روز پارٹی کے سابق رہنماؤں کی اہم ملاقات ہوئی، جس کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق، پی ٹی آئی کی سابق قیادت نے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے نئی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اس تحریک میں فواد چوہدری، عمران اسماعیل، علی زیدی، محمود مولوی، سبطین خان سمیت دیگر سابق رہنما شامل ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں اہم سیاسی فیصلے کیے گئے، جن میں اسٹیبلشمنٹ سے رابطے بڑھانے اور مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کا منصوبہ بھی شامل ہے۔
اطلاعات کے مطابق، فریقین نے ملک میں سیاسی درجہ حرارت کم کرنے پر اتفاق کیا اور عمران خان سے براہِ راست ملاقات کا فیصلہ بھی کیا۔ اس دوران شاہ محمود قریشی کی رہائی کے لیے سابق رہنما متحرک ہو گئے ہیں۔ذرائع نے مزید بتایا کہ سابق قیادت نے شاہ محمود قریشی کو مذاکرات کے ذریعے سیاسی کشیدگی کم کرنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کی، اور انہیں معاملات کے حل میں مرکزی کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ملاقات کے دوران سابق سینیٹر اعجاز چوہدری، سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید اور سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے بھی شرکت کی، جہاں موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔








