پنجاب میں بارشوں اور آندھی کا نیا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے مطابق 30 اپریل سے 4 مئی کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں تیز آندھی، گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔
ترجمان کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔ اسی طرح لاہور، قصور، سیالکوٹ، نارووال، اوکاڑہ، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں بھی طوفانی ہوائیں اور بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ 2 سے 4 مئی کے دوران جنوبی پنجاب کے علاقے، جیسے ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں بارش، آندھی اور جھکڑ چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے، جن میں محکمہ صحت، تعلیم، آب پاشی، مقامی حکومت، پولیس اور سول ڈیفنس شامل ہیں۔
انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آسمانی بجلی اور خراب موسم سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں اور کھلے آسمان تلے جانے سے گریز کریں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
