آج کی تاریخ

پنجاب بھر میں ہیٹ ویو الرٹ جاری، بارش کا سسٹم کب داخل ہوگا؟

لاہور: پنجاب میں شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر کے لیے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے، تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ ادارے ممکنہ گرمی کی شدت اور موسمی صورتحال کے تناظر میں ہر وقت تیار رہیں۔
پی ڈی ایم اے نے محکمہ اسکول ایجوکیشن، صحت، ٹرانسپورٹ، لوکل گورنمنٹ، ریسکیو 1122 سمیت دیگر اداروں کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 15 مئی سے 19 مئی تک پنجاب کے میدانی علاقوں اور بڑے شہروں میں درجہ حرارت غیر معمولی طور پر بڑھنے کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 20 مئی تک درجہ حرارت معمول سے 4 سے 7 ڈگری زیادہ رہ سکتا ہے، جس کے باعث ہیٹ ویو جیسی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں 19 مئی کی شام پنجاب میں داخل ہوں گی، جس کے نتیجے میں 19 اور 20 مئی کے دوران مختلف علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کو عوامی مقامات پر صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کی تاکید کی گئی ہے، جبکہ اسپتالوں اور موبائل ہیلتھ یونٹس کو ہیٹ اسٹروک سے متعلق فوری طبی امداد کے لیے مکمل تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ دوپہر کے اوقات میں دھوپ سے بچاؤ کے لیے سر کو ڈھانپیں، ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں، بزرگوں اور بچوں کا خاص خیال رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 یا ریسکیو 1122 سے فوری رابطہ کریں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں