آج کی تاریخ

ٹماٹر بحران کے بعد نیا جھٹکا! پیاز کی قیمت نے عوام کے آنسو نکال دیے، 220 روپے کلو

ملتان،کراچی(قوم نیوز)ٹماٹر کے شدید بحران کے بعد صارفین اب ایک اور بڑی پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں کیونکہ پیاز کی قیمت چند دنوں میں 110 تا 120 روپے فی کلو سے بڑھ کر 220 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ ٹماٹر کی قیمت ریکارڈ 600 تا 700 روپے فی کلو سے گر کر 200 روپے فی کلو پر آگئی ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ پیاز کی قیمتیں آئندہ دنوں میں طلب و رسد کے فرق کی وجہ سے دباؤ میں رہیں گی۔ہول سیل ویجیٹیبل مارکیٹ سپر ہائی وےکراچی کے صدر حاجی شاہ جہان کے مطابق سندھ کی نئی فصل سے پیاز کی رسد کم مقدار میں شروع ہوئی ہے جو ممکنہ طور پر نومبر کے تیسرے ہفتے تک بہتر ہو سکتی ہےلیکن تب تک قیمتیں بلند رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ ایران سے بھی قلیل مقدار میں پیاز آرہی ہے لیکن وہاں قیمتیں زیادہ ہیں اور سرحد پر ایرانی پیاز کی کلیئرنس میں مشکلات کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔شاہ جہان کے مطابق پاک افغان سرحد پر جھڑپوں کے بعد گزشتہ دو ہفتوں سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں، جس کے باعث افغانستان سے پیاز کی سپلائی بند ہے۔انہوں نے کہا کہ ہول سیل مارکیٹیں گزشتہ چند دنوں سے پیاز کی قلت کا شکار ہیں کیونکہ سندھ کی فصل سے آمد محدود ہے اور ایران سے درآمد بھی کم ہے، نتیجتاً پیاز کی ہول سیل قیمت چند دنوں میں 3000 تا 3500 روپے فی 40 کلو سے بڑھ کر 6000 تا 6500 روپے فی 40 کلو تک جا پہنچی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ فی الحال پیاز کی برآمد بھی بند کر دی گئی ہے کیونکہ مقامی سطح پر قیمتیں بہت زیادہ ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حسبِ سابق کمشنر کراچی کی جانب سے جاری کردہ روزانہ نرخ نامے حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتے، پیاز کا سرکاری ریٹ 104 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں یہ 200 تا 220 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے۔مارکیٹ تاجروں کے مطابق پنجاب کے بعض شہروں میں بھی پیاز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، جہاں 105 کلو کا تھیلا 23 ہزار روپے میں فروخت ہو رہا ہے، انہوں نے بتایا کہ سندھ کی فصل بھی پنجاب کے علاقوں تک پہنچنے لگی ہے۔ادارہ شماریات کے حساس قیمت اشاریے کے مطابق 2 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں ملک کے مختلف شہروں میں پیاز کی اوسط قیمت 55 تا 140 روپے فی کلو تھی جو 23 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں بڑھ کر 65 تا 160 روپے فی کلو تک جا پہنچی۔اقتصادی جائزہ رپورٹ برائے مالی سال 2025 کے مطابق پیاز کی پیداوار میں 16 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو مالی سال 2024 میں 23.04 لاکھ ٹن کے مقابلے میں رواں سال 26.70 لاکھ ٹن رہی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں