اسلام آباد: وزارتِ خارجہ اور مختلف سفارتی مشنز میں بڑے پیمانے پر نئی تعیناتیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے لیے نامزد پاکستانی سفیر شفقت علی خان ابو ظہبی پہنچ گئے اور اپنے فرائض کا باضابطہ آغاز کیا۔ ذرائع کے مطابق روس کے لیے نئے سفیر فیصل ترمزی نے ماسکو میں چارج سنبھال لیا ہے، جبکہ سابق سفیر خالد خان جمالی کو ایڈیشنل فارن سیکریٹری ایڈمن تعینات کردیا گیا۔ اسی طرح زاہد حسین کو ڈائریکٹر جنرل مڈل ایسٹ کے عہدے پر فائز کیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ التمش وزیر خان کی جگہ کرغزستان کے لیے حسن زیغم کو نیا سفیر مقرر کیا گیا ہے، جو اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل سنٹرل ایشیا کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔
اسی طرح بلال چوہدری کو ڈائریکٹر جنرل ساؤتھ ایشیا تعینات کردیا گیا ہے، جبکہ الیاس نظامی کو رومانیہ کے لیے نیا سفیر نامزد کیا گیا ہے۔
یہ تقرریاں وزارتِ خارجہ کے سفارتی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانے اور بین الاقوامی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے کی گئی ہیں۔








