ملتان(جنرل رپورٹر)ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ سیلابی ریلے سے موٹر وے متاثر ہونے سے ملتان تا اوچ شریف ٹریفک مکمل طور پر بند کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلالپور پیر والہ میں سیلابی صورتحال سنگین ہونے کے باعث ضلعی انتظامیہ موٹر وے سیکشن کو بچانے کے لئے سرگرم عمل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےگزشتہ روز جلالپور انٹرچینج کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر این ایچ اے و موٹر وے حکام نے تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ گیانی روڈ کے شگاف سے آنے والا سیلابی پانی موٹر وے کے حصے میں داخل ہوگیا جس کے باعث ملتان تا اوچ شریف موٹر وے کو ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے شگاف کو فوری طور پر بند کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ موٹر وے کو مزید نقصان سے بچایا جاسکے۔وسیم حامد سندھو نے مزید بتایا کہ بستی عنایت پور اور موضع دھوندوں کے فلڈ بندوں پر پانی کی سطح میں کمی آرہی ہے جبکہ متاثرہ عوام کے لیے فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دیے گئے ہیں جہاں مکمل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے امید ظاہر کی ہے کہ اگلے 24 گھنٹوں میں پانی کی سطح معمول پر آجائے گی اور صورتحال بہتر ہو جائے گی۔








