آج کی تاریخ

ملتان بورڈ میں 25 سال سے سود خوروں کا راج، انجم شریف اور الیاس صدیقی بے تاج بادشاہ

ملتان(سٹاف رپورٹر)ملتان بورڈ آف انٹر میڈیٹ گزشتہ 25 سال سے سود خوروں کے چنگل میں پھنسا ہوا ہے اور بورڈ کے 25 فیصد سے زائد ملازم اپنی تنخواہیں سود خوروں کو دے کر جان چھڑا رہے ہیں۔ بورڈ کا انجم شریف نامی ملازم دفتر میں بیٹھ کر کھلے عام سود خوری کرتا ہے اور اس نے بورڈ ملازمین سے درجنوں چیک لے رکھے ہیں ۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ انجم شریف سب سے سود کی مد میں دی گئی اصل رقم سے تین گنا واپس لے چکا ہے، اس کے باوجود ہر ماہ بورڈ ملازمین سے سود لے رہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جس روز اسد شاہد کی بیوہ کو پنشن ملی تو اسی سود خور انجم شریف نے تمام سود خوروں کو بتا دیا کہ اسد شاہد کے گھر کا گھیرائو کر لو، اسے پنشن ملی ہے، جا کر دباؤ ڈالو اور رقم لے آؤ۔ اسی تعلیمی بورڈ میں الیاس صدیقی نامی ڈپٹی کنٹرولر بھی بہت بے رحم سود خور ہے اور بہانے سے لوگوں کو پھنسا کر بلینک چیک لے لیتا ہے۔ الیاس صدیقی کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ اتنا بے رحم ہے کہ اس نے اپنے اردلی عمر حیات سے کہا کہ اسے پلاٹ لے دو اور پھر اس کے اکاؤنٹ میں کچھ رقم منتقل کر کے اس سے گارنٹی کا بلینک چیک لے لیا ۔دفتری عمر حیات نے جب پلاٹ الیاس صدیقی کے نام ٹرانسفر کرا دیا تو چیک واپس کرنے کے بجائے الیاس صدیقی نےبہانہ بنایا کہ ایک تو تم نے پلاٹ دیر سے لے کر دیا ہے، دوسرا مہنگا لے کر دیا ہے۔ لہٰذا میری رقم جو تمہارے پاس رہی اس پر سود دو ۔اس وقت صورتحال یہ ہے کہ اصل رقم 12 لاکھ پر الیاس صدیقی 45 لاکھ روپے سود مانگ رہا ہے حتیٰ کہ عدالتی اہلکاروں کو سہولت کار بنا کر اس نے دعویٰ بھی دائر کر رکھا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں