آج کی تاریخ

قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس جاری، اہم قیادت کی شرکت

اسلام آباد میں قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس شروع ہو گیا ہے، جس میں وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ آصف اور ڈی جی آئی ایس آئی عاصم ملک سمیت اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت شریک ہے۔
تحریک انصاف کے اراکین اجلاس میں شامل نہیں ہوئے، تاہم وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے اپنے صوبے کی نمائندگی کی، جب کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی بھی اجلاس میں موجود ہیں۔
اس اجلاس میں گورنر بلوچستان، گورنر خیبر پختونخوا، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور وزیر اعظم آزاد کشمیر سمیت چاروں صوبوں کے آئی جی پولیس بھی شریک ہیں۔
پیپلز پارٹی کے 16 اراکین پارلیمنٹ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں اجلاس کا حصہ ہیں، جبکہ ایم کیو ایم کے 4 اراکین پارلیمنٹ خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں شریک ہوئے۔ جے یو آئی (ف) کے وفد کی قیادت مولانا فضل الرحمان کر رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، بی این پی مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل کو بھی دعوت دی گئی تھی، تاہم وہ شریک نہیں ہوئے۔
اجلاس کے دوران ڈی جی آئی بی کی بریفنگ کے بعد بلاول بھٹو زرداری اور دیگر پارلیمانی رہنما اظہار خیال کریں گے، جس کے بعد عسکری قیادت اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہان سوالات کے جوابات دیں گے۔
دوسری جانب اجلاس کے موقع پر سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں، اور پارلیمنٹ ہاؤس کی چھت پر اسنائپرز تعینات ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں