ملتان (وقائع نگار) میاں نواز شریف یونیورسٹی آف ایگریکلچر کے وائس چانسلر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا، اس ضمن میںمعلوم ہوا ہے کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے یونیورسٹی کے سابق ایڈمن آفیسر وقاص انور کو اسسٹنٹ کی مستقل سیٹ پر تعینات کیا ،پروفیسر اشتیاق احمد رجوانہ نے ڈاکٹر باقر حسین کو ڈائریکٹر ایچ آر کا اضافی چارج دیا اور اس سےوقاص انور کے اسسٹنٹ کی آسامی پر مستقل تعیناتی کے آرڈر جاری کروا لیے، یونیورسٹی کے خزانہ دار محمد رفیق فاروقی نے پروفیسر اشتیاق احمد رجوانہ سے کہا کہ وقاص انور کی تعیناتی غیر قانونی ہے اس لیے انھوں نے وقاص انور کو تنخواہ جاری کرنے سے انکار کر دیا اور سیکرٹری ایگریکلچر کو بھی اس تعیناتی بارے مطلع کر دیا جس پر سیکرٹری ایگریکلچر نے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن کو اس معاملے کی انکوائری کرنے کی ہدایت کی، معلوم ہوا ہے کہ اینٹی کرپشن کے افسران کی ہدایت پر پروفیسر ڈاکٹر اشتیاق احمد رجوانہ نے وی سی شپ سے استعفیٰ دے دیا ، واضح رہے کہ وقاص انور کی جنوری 2025 میں اسسٹنٹ کی آسامی پر تعیناتی کی گئی تھی خزانہ دار نے تا حال اسے تنخواہ جاری نہیں کی ہے۔
