آج کی تاریخ

عمران خان کو کہا جارہا ہے حکومت قبول کریں اور 9 مئی پر معافی مانگیں، علیمہ خان

پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے کہ وہ حکومت کو تسلیم کریں اور نو مئی کے واقعے پر معافی مانگیں، مگر عمران خان قانون کی حکمرانی، آئین کی بالادستی اور جمہوریت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ انہوں نے پہلے کہا تھا کہ بات چیت ہمیشہ کچھ لو کچھ دو کے اصول پر ہوتی ہے، اور عمران خان رول آف لا، آئین کی بالادستی اور جمہوریت مانگ رہے ہیں، انہوں نے پوچھا کہ آپ ان تین میں سے کیا چاہتے ہیں اور اسٹیبلشمنٹ کو بھی واضح کرنا چاہیے کہ وہ کیا چاہتی ہے
علیمہ خان نے کہا کہ مذاکرات کے لیے لچک دکھانے کا کہا جا رہا ہے مگر اصل میں بانی پی ٹی آئی سے کہا جا رہا ہے کہ وہ ہتھیار ڈال دیں، اور حکومت قبول کر کے نو مئی کی معافی مانگیں، جبکہ اسٹیبلشمنٹ چاہتی ہے کہ عمران خان اپنے لوگوں کے لیے آواز نہ اٹھائیں
انہوں نے بتایا کہ ان کے خلاف 42 کیسز درج ہیں اور ضمانت کی درخواست بھی دائر کی گئی ہے، ان پر الزام ہے کہ وہ بانی کا پیغام عوام تک پہنچا رہی ہیں، عمران خان کے احتجاج کے بعد خبریں اور بات چیت شدت اختیار کر گئی ہے، اور ان کی رہائی کے لیے بھی باتیں ہو رہی ہیں
علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان نے اپنی ٹیم میں تبدیلی کی ہے، اور عمر ایوب تحریک کی ذمہ داری سنبھالیں گے جبکہ سلمان اکرم راجہ پارٹی فیصلوں پر عملدرآمد کروائیں گے، عمران خان احتجاجی تحریک کی قیادت خود کرنا چاہتے ہیں لیکن بطور چیئرمین تکنیکی مسائل کی وجہ سے وہ پیٹرن ان چیف بن گئے ہیں
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں کل القادر کیس کی اہم سماعت ہے، اگر یہ آج نہ سنی گئی تو ستمبر تک ملتوی ہو سکتی ہے، اور دعا ہے کہ اللہ ہی مدد کرے کیونکہ انسانوں کے منصوبے اللہ کے فیصلے کے آگے کچھ نہیں
علیمہ خان کے خلاف تھانہ صادق آباد میں مقدمہ درج ہے جس میں عبوری ضمانت کی درخواست پر عدالت نے 13 جون تک ضمانت میں توسیع کر دی ہے، ان پر توڑ پھوڑ، ہنگامہ آرائی اور حکومتی امور میں مداخلت کا الزام ہے، اسی طرح 26 نومبر کے احتجاج پر مقدمے کی سماعت میں بھی علیمہ خان پیش ہوئیں اور عدالت نے انہیں حاضری کے بعد جانے کی اجازت دی

شیئر کریں

:مزید خبریں