راولپنڈی: پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا مؤقف ہے کہ خیبر پختونخوا اور پورے خطے میں پائیدار امن اسی وقت قائم ہوسکتا ہے جب تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ طویل عرصے بعد بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی ہے۔ ان کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے خلاف جاری عدالتی کارروائیاں سب کے سامنے ہیں اور انہوں نے واٹس ایپ لنک پر پیشی کا بائیکاٹ کیا ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ 27 ستمبر کے جلسے کے حوالے سے چکری میں اجلاس رکھا گیا ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے کمرہ عدالت میں میڈیا سے بات کی اور جرح کے دوران پیش کی جانے والی شہادتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کا ہمیشہ یہ مؤقف رہا ہے کہ امن کے قیام کے لیے افغان حکومت، افغان عوام اور قبائلی باشندوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔ صرف طاقت کے استعمال اور بم دھماکوں سے مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ دہشت گردی میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کو کچھ پیغامات بھی دیے ہیں اور ہم اپنی جماعت کا مؤقف آگے بڑھائیں گے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ ملک میں ایک طرف قدرتی سیلاب آیا ہے اور دوسری طرف ظلم و ناانصافی کا سیلاب جاری ہے، جب تک یہ ختم نہیں ہوگا حالات بہتر نہیں ہوسکتے۔
فلک جاوید کی گرفتاری کے حوالے سے انہوں نے وضاحت کی کہ اس بارے میں انہیں کوئی علم نہیں ہے۔ فلک جاوید لاہور کے ایک متحرک ورکر ہیں جن کے خاندان نے بڑی قربانیاں دی ہیں، اور ان کے بارے میں کی جانے والی نامناسب باتیں بالکل بے بنیاد ہیں۔








