ٍراولپنڈی: انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی نے پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہن علیمہ خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا ہے کہ انہیں گرفتار کرکے 11 اکتوبر کو عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔
ذرائع کے مطابق یہ مقدمہ تھانہ صادق آباد میں 26 نومبر کے احتجاج کے حوالے سے درج کیا گیا تھا۔ مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی۔ آج کی سماعت کے دوران علیمہ خان عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، جس پر عدالت نے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
اسی کیس میں نامزد دیگر چھ ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، جن پر فردِ جرم عائد کر دی گئی۔ تاہم تمام ملزمان نے الزامات تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت 11 اکتوبر مقرر کرتے ہوئے ہدایت دی کہ علیمہ خان کو اس تاریخ پر پیش کیا جائے تاکہ ان پر فردِ جرم عائد کی جا سکے۔








