آج کی تاریخ

صنم جاوید کے مبینہ اغوا پر ایف آئی آر درج، علی امین گنڈاپور کا بڑا فیصلہ

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایت پر صنم جاوید کے مبینہ اغوا کے واقعے پر تھانہ شرقی پشاور میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق ایف آئی آر ایڈووکیٹ حرا بابر دختر محمد بابر شعیب کی مدعیت میں درج کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اس معاملے کی مکمل، شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کی ہدایت دی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ صنم جاوید کے مبینہ اغوا میں ملوث نامعلوم ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکومت خیبرپختونخوا نے واضح کیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، اور ذمہ داروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق صوبائی حکومت صنم جاوید کو انصاف دلانے کے لیے تمام وسائل استعمال کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں قانون، انصاف اور شہریوں کے احترام کو محض نعروں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے یقینی بنایا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ صنم جاوید کو پشاور کے سول آفیسر میس کینٹ کے قریب سے مبینہ طور پر اغوا کیا گیا تھا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ جب وزیراعلیٰ مضبوط اور بااختیار ہوں تو فیصلے بھی ٹھوس اور مؤثر ہوتے ہیں۔ پنجاب میں عمران خان پر قاتلانہ حملے کے باوجود وہاں ایف آئی آر درج نہ ہوسکی، لیکن خیبرپختونخوا حکومت نے انصاف کے تقاضے پورے کرنے میں تاخیر نہیں کی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں