ملکی صرافہ بازار میں سونے کی قیمت میں آج بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد سونا ایک نئی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
عالمی سطح پر معاشی بے یقینی، امریکا کی تجارتی کشمکش اور دنیا بھر کے سینٹرل بینکوں کی جانب سے سونے کے ذخائر بڑھانے کی پالیسی نے سونے کی عالمی قیمت کو بلند کر دیا ہے۔ امریکی فیڈرل ریزرو کی جانب سے سود کی شرح برقرار رکھنے کے اعلان نے مہنگائی اور کساد بازاری کے خدشات کو بڑھا دیا ہے۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں 69 ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد فی اونس سونا 3 ہزار 395 ڈالر کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔
اسی عالمی رجحان کے اثرات پاکستان میں بھی دیکھنے کو ملے، جہاں پیر کے روز 24 قیراط فی تولہ سونا 8 ہزار 100 روپے اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 57 ہزار 800 روپے تک پہنچ گیا۔
فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 6 ہزار 944 روپے اضافے سے 3 لاکھ 6 ہزار 755 روپے کی بلند ترین سطح پر آ گئی۔
ادھر چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا، فی تولہ چاندی 24 روپے مہنگی ہوکر 3 ہزار 441 روپے جبکہ 10 گرام چاندی 21 روپے اضافے کے ساتھ 2 ہزار 950 روپے پر جا پہنچی۔
