Post Views: 31
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں تعلیم کے شعبے میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیرصدارت سالانہ ترقیاتی منصوبوں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی ایمرجنسی کے تحت تمام سرکاری اسکولوں کے طلبہ کو فرنیچر فراہم کیا جائے گا تاکہ کوئی بچہ فرش پر نہ بیٹھے۔
اجلاس میں مشیر خزانہ، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بچوں کو بہتر تعلیمی ماحول دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور اسکولوں میں فرنیچر، بیت الخلا، اور صاف پانی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ اساتذہ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں۔ نئے بھرتی ہونے والے اساتذہ کے لیے جدید تربیت لازمی قرار دی جائے گی تاکہ تدریس کا معیار بلند ہو۔