ملتان (سٹاف رپورٹر) جنوبی پنجاب کی ایک یونیورسٹی میں عارضی تعینات وائس چانسلر اور عارضی رجسٹرار کے درمیان وائس چانسلر آفس میں 9 اکتوبر بروز جمعرات نا معلوم وجوہات کی بناء پر شدید لڑائی ہوئی کہ دونوں صرف دست و گریباں ہونا باقی رہ گئے۔ بتایا گیا ہے کہ عارضی رجسٹرار جن کا عارضی چارج 18 اکتوبر کو 6 ماہ کا ختم ہونا تھا اس لڑائی کے نتیجے میں فوری طور پر لڑائی کے اگلے ہی دن 10 اکتوبر کو نیو عارضی رجسٹرار کا لیٹر نکال دیا گیاا ور یہ وجہ تحریر کی گئی کہ چونکہ ایڈیشنل چارج صرف 6 ماہ کے لیے دیا جا سکتا ہے تو اس لیے عارضی رجسٹرار کے 6 ماہ پورے ہونے پر یہ چارج کسی اور ٹیچر کو دیا جا رہا ہے۔ جبکہ حیران کن طور پروائس چانسلر کے ہم خیال کنٹرولر عارضی طور پر ڈیڑھ سال سے زائد عرصے سے تعینات ہیں اور اسی ہم خیالی کے نتیجے میں عارضی وائس چانسلر نے گزشتہ سینڈیکیٹ میں عارضی کنٹرولر کو ایسوسی ایٹ پروفیسر سے پروفیسر کے عہدے پر ترقی بھی دے دی ہے۔ روزنامہ قوم کے اندرونی ذرائع کے مطابق عارضی چارج رجسٹرار نے عارضی وائس چانسلر کے غیر قانونی کاموں میں معاونت سے مزید انکار کر دیا تھا۔








