آج کی تاریخ

تلمبہ: شہزاد خاکوانی کے آگے قانون بے بس، ڈی پی او اور ایم پی اے عامر حراج ڈھال

ملتان(عوامی رپورٹر)تمام تر دعوئوں کے باوجود ڈی پی او خانیوال اسماعیل کھا ڑک تھانہ تلمبہ میں شہزاد خان عرف ٹیٹو خان خاکوانی کے ظلم کا شکار عبدالشکور بھٹی اور ان کے ساتھیوں کو انصاف اور امداد فراہم نہ کر سکے۔ پولیس اب بھی شہزاد خان کی لونڈی کا کردار ادا کر رہی ہے اور 6 کروڑ ٹھیکے کی رقم دینے کے باوجود پولیس نہ تو متاثرہ پارٹی کو ان کی گندم کاٹنے دے رہی ہے اور نہ ہی جلنے سے بچ جانے والے دو کروڑ مالیت کے آلو اٹھانے دے ر ہی ہے۔ صورتحال یہ ہے کہ اچانک گرمی بڑھنے اور اوپر سے پٹرول پھینک کر آگ لگائے جانے کے بعد آلوئوں کی بوریوں کے ڈھیر کو گرمائش پہنچ گئی ہے جس سے آلو خراب ہو رہے ہیں مگر ڈی پی او کے حکم پر تلمبہ پولیس فصل ہی نہیں اٹھانی دے رہی۔ 40 ایکڑ پر گندم، 72 ایکڑ پر مکئی کی فصل بھی تباہ ہو رہی ہے۔ ڈی پی او خانیوال مقامی ایم پی عامر حیات ہراج اور رضا حیات ہراج کی وجہ سے مجبور اور بے بس ہیں۔ اس لئے انصاف دلانے میں بری طرح ناکام ہو چکے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ عبدالشکور پارٹی کی 15 ایکڑ پر کنولہ کی فصل بھی زائد المیعاد ہونے کی وجہ سے ضائع ہو گئی ہے مگر پولیس نے اٹھانے نہیں دیا جبکہ ڈی پی او کے حکم پر اشک شوئی کیلئے شہزاد خاکوانی کے خلاف دو مزید مقدمات درج کر لئےگئے ہیں کیونکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر سے رپورٹ مانگی گئی تھی۔تلمبہ پولیس نے شہزاد خان خاکوانی کے خلاف مقدمہ نمبر 25/435بجرم 380 اور مقدمہ نمبر436/25بجرم 435 (فصل کو آگ لگانا )سمیت دیگر جرائم میں ایف آئی ار درج کرنے کے باوجود ملزم کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے اور اسے قبل از گرفتاری ضمانت کرنے کے لیے بھی سہولت کاری کی اور مقدمات درج کرنے کے باوجود اس کے ڈیرے پر جا کر ایس ایچ او تھانہ تلمبہ کارروائی ڈال کر آگئے اور انہوں نے ملزم کو گرفتار نہ کیا۔ بتایا گیا ہے کہ شہزاد خاکوانی کے خلاف مقدمہ درج ہونے کے بعد ایم پی عامر حیات ہراج ڈی پی او آفس کے چکر کاٹ رہے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں