آج کی تاریخ

بی زیڈ یو: توہین عدالت نوٹس ملتے ہی وی سی، رجسٹرار کی پھرتیاں، سپیکنگ آرڈر جاری

ملتان (وقائع نگار) وائس چانسلر بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر محمد زبیر اقبال غوری اور رجسٹرار اعجاز احمد کو لاہور ہائی کورٹ نے توہین عدالت کے نوٹسز جاری کر دئیے، نوٹس ملنے کے فوری بعد وائس چانسلر اور رجسٹرار نے سپیکنگ آرڈر جاری کر دئیے ہیں تفصیل کے مطابق 7 فیکلٹی ممبران جن کو میرٹ پر پورا اترنے کے باوجود سلیکشن بورڈ نے ریجیکٹ کر دیا تھا، انھوں نے لاہور ہائی کورٹ میں میرٹ میں سلیکشن بورڈ کے خلاف میرٹ کی خلاف ورزی اور اپنے اختیارات سے تجاوز کرنے اور ان کو انکا جائز حق نہ دینے کے خلاف رٹ پٹیشنز فائل کی تھیں جس پر عدالت نے ایکشن لیتے ہوئے فیصلہ دیا تھا کہ ان فیکلٹی ممبران کو سلیکشن بورڈ دوبارہ سنے، مگر وائس چانسلر اور رجسٹرار نے سلیکشن بورڈ بلانے کی بجائے خود ہی ان فیکلٹی ممبران کو سنا مگر سپیکنگ آرڈر نہ عدالت میں جمع کروائے اور نہ ہی فیکلٹی ممبران کو درخواست دینے کے باوجود دئے، جس پر فیکلٹی ممبران نے وائس چانسلر ڈاکٹر زبیر اقبال اور رجسٹرار اعجاز احمد کے خلاف توہین عدالت کی درخواستیں جمع کروا دیں تھی جن پر گزشتہ روز ہائی کورٹ نے وائس چانسلر اور رجسٹرار کو توہین عدالت کے نوٹسز جاری کر دئیے- جیسے ہی توہین عدالت کے نوٹسز یونیورسٹی پہنچے تو فوری طور پر رجسٹرار اعجاز احمد نے سپیکنگ آرڈر ٹائپ کر کے وائس چانسلر سے دستخط کروا کر پٹیشنرز کو اسکی کاپیاں بھجوا دیں۔فیکلٹی ممبران نے قوم سے بات کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ موجودہ وائس چانسلر اور رجسٹرار قانون کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں اور اپنی انا کی تسکین کے لئے یونیورسٹی کو بدنام کر رہے ہیں، حالانکہ یہ سپیکنگ آرڈر وقت پر جاری کر دیتے تو ہمیں توہین عدالت کی کاروائی نہ کرنا پڑتی۔ انتہائی افسوس ہے کہ وائس چانسلر اور رجسٹرار کوئی بھی کام ڈھنگ سے نہیں کرنا چاہتے اور قانون کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں