بہاولپور ( کرائم سیل)پنجاب حکومت کے اسلحہ ڈیلرز اور غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف سی سی ڈی کو کریک ڈاؤن کا اختیار ملتے ہی بہاولپور میں فور شیڈول ریکارڈ کے حامل اسلحہ ڈیلرز میں کھلبلی مچ گئی۔ سی سی ڈی کے خوف سے انہوں نے اپنے غیر قانونی اسلحہ کے گودام ممکنہ چھاپوں کے ڈر سے منتقل کرنا شروع کر دیے۔ بہاولپور میں اینٹی کرپشن کی انکوائری (612/24) مورخہ 10.9.24میں اسلحہ ڈیلر کا مکمل کریمنل ریکارڈ اور اس کے فورتھ شیڈول کا ریکارڈ سمیت اسلحہ برانچ کے انچارج جی ایم غلام محمد کی مبینہ سہولت کاری کے تمام شواہد موجود ہیں جنہیں متاثرہ اور کریمنل ریکارڈ یافتہ اسلحہ ڈیلر نے پیسے کے زور پر دبوا دیا تھا۔بعد ازاں سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل کی ہدایت پر پنجاب بھر میں اسلحہ برانچ کے انچارج تبدیل کیے گئے مگر اطلاعات کے مطابق ابھی تک جی ایم کے روابط اسلحہ ڈیلرز سے جاری ہیں اور وہ ان کی سہولت کاری میں ملوث ہیں۔اگر سی سی ڈی کے سربراہ سہیل ظفر چٹھہ (جو اینٹی کرپشن کے بھی سربراہ ہیں) اس انکوائری کی تمام تر تفصیلات بہاولپور میں سی سی ٹی کے سربراہ شفقت عطاء کے سپرد کریں تو وہ اس کرپشن کی انکوائری کا بغور جائزہ لے کر ناجائز اسلحہ ڈیلرز کے خلاف بڑی کارروائی کے لیے ٹھوس شواہد حاصل کر سکتے ہیںجس سے پنجاب حکومت کی ہدایت پر اسلحہ ڈیلرز کے خلاف شروع ہونے والے آپریشن میں بڑی کامیابیاں متوقع ہیں۔یہاں یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ روزنامہ’’قوم‘‘نے ناجائز اسلحہ ڈیلرز کے ریکارڈ اور اُن کی دکانوں/گوداموں کے بارے میں مکمل سٹوریز شائع کرنے کا اعزاز رکھا ہوا ہے، جس کے باعث کئی وہ ڈیلرز جو اسلحہ کا غیر قانونی کاروبار کرتے تھے، کارروائیوں کے ڈر سے دکانیں چھوڑ کر فرار ہو چکے ہیں۔







