آج کی تاریخ

بہاولپور: آئی ایف سی او نے ستھرا پنجاب گندا کر دیا، “قوم” کی نشاندہی پر ڈی سی کا نوٹس، جرمانہ عائد

بہاولپور (کرائم سیل) ملتان کے ایک طاقتور سیاستدان کے بیٹے کےمبینہ چہیتے(IFCO) ایفکو کمپنی کے مالک ٹھیکیدار ملک عارف، جس کے پاس تحصیل احمد پور شرقیہ کی ستھرا پنجاب سکیم کا ٹھیکہ ہے، پر کچرے میں مٹی ملا کر وزن بڑھا کر حکومت کو بھاری نقصان پہنچانے کے شواہد سامنے آنے کے بعد احمد پور شرقیہ، اوچ شریف اور چنی گوٹھ کے مختلف علاقوں میں مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق صفائی ستھرائی کے ناقص انتظام کی وجہ سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت پروگرام ” ستھرا پنجاب”کو ناکام کرنے کی سازش میں مصروف ہے، جس کو بی ڈبلیو ایم سی کے چند کرپشن میں ملوث ملازمین کی مبینہ آشیرباد حاصل ہے۔روزنامہ قوم کی نشاندہی کے بعد ڈپٹی کمشنر بہاولپور نے چیف ایگزیکٹو آفیسر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نعیم اختر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ خورشید احمد سمیت اے سی اور کنٹریکٹرزکے ہمراہ میٹنگ میں تمام تر الزامات کی تحقیقات کرنے کے احکامات دینے کے ساتھ ساتھ صفائی کے ناقص انتظامات پر ٹھیکیدار کو جرمانہ کرنے کے بھی واضح احکامات جاری کیے۔ اس کے علاوہ بہاولپور ضلع کی مختلف تحصیلوں میں ہونے والے کچرے کی ڈمپنگ میں مٹی ملا کر حکومت کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کے سدباب کے لیے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کو بھی یہ چاہیےکہ ڈمپنگ کی اس کرپشن کے روک تھام کے لیے مانیٹرنگ کو مؤثر بنایا جائے۔ جبکہ روزنامہ قوم کے پاس گوگل میپ کی تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں جس میں کچرے کی ڈمپنگ کے دوران مٹی مکس کی جارہی ہے جس کے بارے میں تحقیقاتی اداروں نے بھی شواہد اکٹھا کرنا شروع کر دیے ہیں جب روزنامہ قوم میں ایفکو کمپنی کے ٹھیکیدار ملک عارف کے بارے میں تفصیلات شائع ہوئیں تو ملازمین نے انکشاف کیا کہ ماہ جولائی سے فی مہینہ چار دیہاڑیاں اتوار والے دن کی کاٹی جاتی ہیں جبکہ اس سے پہلے مئی اور جون کے مہینوں میں کسی کو پچیس ہزار اور کسی کو اٹھائیس ہزار روپے دے کر کہا گیا کہ آپ کے یہی بنتے ہیں، باقی غیر حاضری اور چھٹیوں کی کٹوتی ہے۔ عیدالاضحی کی مناسبت سے تین چھٹیاں اور بونس دیے جانے کے
فارمولے پر بھی عمل نہیں کیا گیا، اسی طرح محرم کے ایام کی چھٹیاں بھی نہیں دی جاتیں۔یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب جنوبی پنجاب سمیت پورے صوبے میں مختلف سکیمیں لانچ کر کے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں، جبکہ دیگر جماعتوں کے فرنٹ مین ٹھیکیدار وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کو ناکام بنانے کی سازشوں میں مصروف ہیں۔اس سلسلے میں بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او نعیم اختر نے روزنامہ قوم کو بتایا کہ میں تمام تر خبر کی تحقیقات کر رہا ہوں، ان شاء اللہ ملوث ملازمین کے خلاف ضرور کارروائی ہوگی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں