آج کی تاریخ

بھارت تنہا اور شرمندہ، پاکستان نے تاریخی سبق سکھایا، شرجیل میمن

کراچی: سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ بھارت نے دہشت گردی کو جواز بنا کر پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی، جس کا پاکستان نے مؤثر اور بھرپور جواب دیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی شاندار کامیابی پر متحد ہوکر جشن منا رہی ہے۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے بھی ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جن میں حیدرآباد میں ریلی اور کل ہونے والی دیگر تقریبات شامل ہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف صف اول میں کھڑا رہا ہے، جبکہ بھارت اور دہشت گرد گروہ ایک جیسے مفادات کے ساتھ دنیا میں دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو نقصان پہنچاتے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے تھونپی گئی جنگ میں پاکستانی افواج نے، خصوصاً پاک فضائیہ کے جانبازوں نے بے مثال جرات کا مظاہرہ کیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ نریندر مودی اس جنگی مہم جوئی کے ذریعے خطے میں اپنی برتری ثابت کرنا چاہتا تھا، لیکن اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ پاکستان نے واضح پیغام دیا تھا کہ اگر جنگ کی ابتدا کی گئی تو انجام ہم طے کریں گے – اور ایسا ہی ہوا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مودی نے ہمیشہ حساس واقعات کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا ہے اور بھارت نے دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ہے۔ نائن الیون کے بعد بھارت نے کشمیری عوام کی جائز جدوجہد کو بھی دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر سندھ طاس معاہدہ معطل کیا، پھر بالاکوٹ واقعے کے بعد آرٹیکل 370 اور 35A ختم کیے، اور کشمیریوں کی دہائیوں پر محیط جدوجہد کو نظرانداز کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ خطے کے تمام ممالک جیسے چین، نیپال اور بنگلہ دیش بھارت سے نالاں ہیں۔ پاکستان کا مقدمہ عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کرنے پر شرجیل میمن نے میڈیا اور بلاول بھٹو زرداری کو بھی سراہا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شاہینوں کی جرات و بہادری نے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا اور جنگ میں کامیابی کا اصل کریڈٹ انہی کو جاتا ہے۔ ہمارے قومی اتحاد نے بھارت کو اندرونی سطح پر بحران میں مبتلا کر دیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں