اپنا گھر اسکیم کا اجرا، وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا اعلان: آئندہ بجٹ میں عوام کو مزید سہولتیں دینے کا وعدہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے “اپنا گھر اسکیم” کا باضابطہ آغاز کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں عوام کے لیے اہم اور بڑی سہولتیں شامل کی جائیں گی۔
وفاقی دارالحکومت میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے آئندہ بجٹ کے حوالے سے خوش آئند اشارے دیتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے نمایاں اور مؤثر اقدامات متعارف کرانے جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت شہریوں کو ایک کروڑ روپے تک کا آسان قرض فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ اپنا ذاتی گھر تعمیر کر سکیں۔ یہ منصوبہ ملک کے چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تک توسیع دیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں بڑی تعداد ایسے افراد کی ہے جو ابھی تک اپنے ذاتی گھر سے محروم ہیں، اور انہیں رہائش فراہم کرنا ریاست کی اہم ذمہ داری ہے۔ انہوں نے قرض حاصل کرنے والے افراد کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عام شہری کو چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کے پہلے مرحلے میں 50 ہزار گھروں کے لیے قرض فراہم کرنے کا ہدف رکھا گیا ہے، جس کے لیے 321 ارب روپے کی فنانسنگ مختص کی گئی ہے۔ حکومت نے آئندہ چار برسوں میں 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف بھی مقرر کیا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق اس اسکیم کا مجموعی حجم 3.2 کھرب روپے تک پہنچے گا، جس کے تحت 10 مرلے تک کے پلاٹس پر گھر بنانے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود اس منصوبے کی ماہانہ بنیادوں پر نگرانی کریں گے تاکہ پیش رفت کو مؤثر بنایا جا سکے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو بینک اس منصوبے میں فعال کردار ادا کریں گے انہیں سراہا جائے گا، جبکہ 14 اگست کے موقع پر بہترین کارکردگی دکھانے والے اداروں کو خصوصی ایوارڈز دیے جائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے تعمیراتی شعبے کے ساتھ ساتھ صنعت اور تجارت کو بھی فروغ ملے گا، جس سے ملکی معیشت میں بہتری کے آثار پیدا ہوں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں