آج کی تاریخ

بھارتی جارحیت پر ترکیہ کی حمایت، مریم نواز کا اظہار تشکر اور تجارتی تعاون بڑھانے پر زور

لاہور: ترکیہ کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی حمایت پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اظہار تشکر کرتے ہوئے دوطرفہ تجارت کو وسعت دینے پر زور دیا ہے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف سے ترکیہ کے سفیر عرفان نذیر اوغلو نے ملاقات کی، جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات، تجارتی شراکت، علاقائی استحکام اور ثقافتی ربط پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مریم نواز نے ترکیہ کے سفیر کا پرتپاک استقبال کیا اور کہا کہ ترکیہ نے بھارتی جارحیت پر جس انداز میں پاکستان کا سفارتی، اخلاقی اور اسٹریٹجک محاذ پر ساتھ دیا، وہ قابل تحسین ہے۔ صدر رجب طیب اردوان کا یہ کہنا کہ “ہم ہر حال میں پاکستان کے ساتھ ہیں” پاکستانی عوام کے دلوں میں گہرائی تک بس چکا ہے۔ ترکیہ کے عوام کے لیے پاکستانیوں کے دل میں خاص محبت اور عقیدت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ کی غیر مشروط حمایت کو پاکستانی قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ پاکستان اور ترکیہ صرف اتحادی نہیں، بلکہ عقیدے، ثقافت اور تاریخ میں بندھے ہوئے بھائی ہیں۔ دونوں ممالک کا رشتہ باہمی اعتبار، ثابت قدمی اور مشترکہ اقدار کی مضبوط مثال ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اناطولیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر ترک حکومت اور خاتون اول کی میزبانی پر ان کی شکر گزار ہوں۔ ترکیہ کے ساتھ تجارتی تعاون میں مزید بہتری کی ضرورت ہے، جس کے لیے ہم اشتراک کو مزید وسعت دیں گے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ساتویں ہائی لیول اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل میں 24 معاہدوں پر دستخط خوش آئند ہیں۔ پنجاب حکومت ترکیہ کے ساتھ تعلقات کو معاشی مواقع میں بدلنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ پنجاب کے پاس برآمدات کی شاندار صلاحیت، سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول اور جدید انفراسٹرکچر موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان مذہبی اور ثقافتی ہم آہنگی بے مثال ہے۔ دونوں ممالک کے تعلقات وقت کے امتحان میں کندن بن کر مزید مضبوط ہو رہے ہیں اور ترقی و کامیابی کا سفر جاری رکھیں گے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں