ملتان(سیدقلب حسن سے)این ایف ٹی کے مبینہ فراڈ کے حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک نوٹیفکیشن گردش کر رہا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ این ایف ٹی نے 120 گھنٹے کے بعد اپنی سروسز بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سروسز بند ہونے کی صورت میں پاکستان بھر سے لاکھوں افراد زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم ہو سکتے ہیں۔ واضح رہےکہ روزنامہ قوم نےاس فراڈ کے حوالے سے آگاہی فراہم کی تھی۔ وائرل نوٹیفکیشن میں لکھا ہے کہ ہم انتہائی افسوس کے ساتھ یہ اطلاع فراہم کر رہے ہیں کہ عوام سے کئے گئے وعدوں پر پورا نہ اترنے اور صارفین کو وعدہ کے مطابق کریڈٹ ادا نہ کر سکنے کے باعث 120 گھنٹے کے بعد این ایف ٹی کی سروسز معطل کر دی جائیں گی۔ عید الفطر کے موقع پر اس طرح کے وائرل نوٹیفکیشن نے لاکھوں انویسٹرزکو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ اندازے کے مطابق گزشتہ دو سے تین روز کے اندر 50 ارب روپے سے زائد مالیت کی رقم ٹریژر این ایف ٹی سمیت دوسری ویب سائٹس پر لگا دی گئی تھیں۔ مذکورہ نوٹیفکیشن اصلی ہے یا جعلی؟ ویب سائٹ کی جانب سے ابھی تک اس پر کوئی موقف جاری نہیں کیا گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند روز میں بھاری رقوم لگانے کے باعث ویب سائٹ نے ود ڈرا کے ٹائم میں اضافہ کر دیا ہے۔ پہلے اپنے اکاؤنٹ سے رقم ود ڈرا کرنے کے لیے 96 گھنٹے کا وقت درکار ہوتا تھا تاہم اب کمپنی نے یہ وقت 96 گھنٹوں سے بڑھا کر 168 گھنٹے کر دیا ہے۔
