اوچ شریف(جنرل رپورٹر) فلڈ ریلیف کیمپوں میں سپلائی ہونے والے کھانے ، دودھ اور سی ایم وزٹ پر سپر کوالٹی فروٹس کے ٹرک ، ان سلے زنانہ مردانہ ، بچوں کے سوٹ ، ونڈہ ، چارے اور گفٹ پیک میں کروڑوں روپے کے گھپلے کا مبینہ سکینڈل بے نقاب ہوگیا ، اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ آفس کے ریڈر شہزاد ، کلرک منور اقبال اور وینڈر کے سپروائزر علی اور شفیق کی ملی بھگت سے روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں روپے کے فرضی بل ، سامان کی خورد برد کے بعد بےایمانی کے پیسے کی تقسیم پر جھگڑے نے تمام حقائق آشکار کر دیئے ، کھانے کی چیکنگ پر تعینات کلرک منور اقبال پر وینڈر کا عملہ مہربان ، سالن کی سالم دیگیں ، بچوں کیلئے دودھ کے ڈبے سمیت کار بھر بھر کر گھر لے جانے لگا ، چارہ ونڈے کی فرضی چلت اور غیر معیاری کم وزن کھانا ، 70 گرام وزنی نان اور غیر معیاری آٹے کی روٹی ، پچاس دیگیں پکواکر 70 سے 80 دیگوں کا اندراج ، سیلاب متاثرین کیلئے بنائے گئے متعدد فلڈ ریلیف کیمپوں میں بھی فرضی چلت کی شکایات عام ہیں۔بلہ جھلن کے فلڈ ریلیف کیمپ میں شام کا کھانا پٹواری بشیر کاتی مار نے متاثرین کو دینے کی بجائے غائب کر دیا۔ متاثرین نے پٹواری کی مبینہ طور پر دھلائی کر ڈالی۔تفصیلات کے مطابق تحصیل احمد پور شرقیہ کے متاثرہ مواضعات کیلئے بنائے گئے فلڈ ریلیف کیمپوں میں کھانا ، دودھ ، صاف پانی اور جانوروں کے ونڈے چارے کی فراہمی کیلئے تعینات وینڈر کی عدم موجودگی میں تعینات سپروائزروں محمد شفیق اور علی بھائی نے اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ کے ریڈر شہزاد اور کلرک منور اقبال کی ملی بھگت سےمبینہ لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھا ہے جو کم وزن کھانا غیر معیاری میٹریل کے استعمال اور پچاس دیگیں پکوا کر 70 سے 80 دیگوں کے بل ظاہر کر کے اپنی جیبیں بھرنے کا سلسلہ شروع کیا ہوا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وزٹ پر منگوائے جانے والے فروٹس کے ٹرک ، ان سلے زنانہ مردانہ بچوں کے ہزاروں سوٹ ، فلڈ ریلیف کیمپ کی سرچ لائٹس اور بچوں کے گفٹ پیک کی تقسیم پر جھگڑے نے تمام پول کھول کر رکھ دیئے۔ اس سلسلے میں جب صحافیوں نے شہزاد ریڈر ، کلرک منور اقبال اور وینڈر کے متعین کردہ سپروائزروں محمد شفیق اور علی سے رابطہ کیا تو سب ایک دوسرے پر الزامات لگا کر اپنا دامن صاف ظاہر کرنے کی کوشش کرنے لگے۔ صحافیوں نے موقع پر نان کا وزن کرایا تو وہ صرف 70 گرام وزنی نکلے جبکہ دیگر لوازمات بھی غیر معیاری نکلے۔ اس سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر احمد پور شرقیہ نوید حیدر سے رابطے کی کوشش کی گئی لیکن ان سے رابطہ نہیں ہو سکا ۔تحصیل صدر کسان اتحاد احمد پور شرقیہ راؤ محمد فاروق نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر اور ڈپٹی کمشنر بہاول پور سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔








