ملتان ( سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ گریجویٹ کالج شجاع آباد میں اسسٹنٹ پروفیسر کی غیر اخلاقی سرگرمیوں، اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ اس حوالے سے ایک شہری محمد رمضان بلوچ سکنہ موضع شاہ پورہ تحصیل شجاع آباد ضلع ملتان نے ڈائریکٹر کالجز ملتان ڈویژن کو تحریری درخواست دے کر معاملے کی فوری انکوائری اور ذمہ دار کے خلاف سخت کارروائی کی استدعا کی ہے۔درخواست کے مطابق ایک مہذب اور پاکستانی شہری ہونے کے ناطے یہ اس کا فرض ہے کہ جہاں کہیں اداروں میں رشوت خوری، بدعنوانی اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کا علم ہو تو اس کے بارے میں اعلیٰ افسران کو آگاہ کرے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ گورنمنٹ گریجویٹ کالج بوائز شجاع آباد میں عرصہ تقریباً چار سال سے ایسی صورتحال پیدا ہو رہی ہے جس میں طلباء و طالبات کے لیے مشکلات پیدا ہو رہی ہیں، اسسٹنٹ پروفیسر محمد بلال بھٹی جو کہ ادارے میں اردو کے اسسٹنٹ پروفیسر ہیں، ان کے بارے میں شکایات سامنے آئی ہیں،درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ کالج کے پرنسپل عاشق رضا نے انہیں بی ایس بلاک میں ایک مخصوص کمرہ دے رکھا ہے جسے مبینہ طور پر غیر اخلاقی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے جس سے شہری حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ چند سال قبل گورنمنٹ گریجویٹ کالج شجاع آباد میں اردو کی کلاسوں کا اجرا ہوا تھا۔ اس دوران محمد بلال بھٹی کو کالج میں طالبات کو اردو پڑھانے کے لیے مامور کیا گیا، اس وقت بھی ان کے طرز عمل سے متعلق شکایات سامنے آئیں، مذکورہ پروفیسر کو کچھ عرصہ کالج سے دور رکھنے کے لیے پابندی بھی عائد کی گئی لیکن بعد ازاں انہیں دوبارہ کالج آنے کی اجازت دے دی گئی،موجودہ کالج پرنسپل عذرا بی بی نے مذکورہ پروفیسر محمد بلال بھٹی کو گورنمنٹ گریجویٹ کالج میں آنے کی اجازت دی ہوئی ہےجبکہ شکایت کنندہ کے مطابق یہ معاملہ کالج کے نظم و ضبط اور طالبات کے تحفظ کے حوالے سے سنجیدہ نوعیت کا ہے۔درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ مذکورہ پروفیسر کالج کے اوقاتِ کار کے دوران اور اوقات کے بعد بھی کالج میں آتے جاتے ہیں، گورنمنٹ گریجویٹ کالج شجاع آباد میں زیر تعلیم طالبات اور دیگر طالبات کے والدین کی جانب سے بھی اس حوالے سے شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔متعدد شکایات سامنے آنے کے باوجود متعلقہ پروفیسر کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے سے معاملہ مزید سنگین ہو سکتا ہے۔درخواست گزار نے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی حقیقت جاننے کے لیے گورنمنٹ گریجویٹ کالج شجاع آباد کے سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ چیک کیا جائےجبکہ محمد بلال بھٹی کے بی ایس بلاک میں مبینہ طور پر مخصوص کمرے میں بیٹھنے اور کالج آنے جانے کے اوقات کا ریکارڈ بھی حاصل کیا جائے، مذکورہ پروفیسر مبینہ طور پر طالبات کو کالج سے باہر اپنے مخصوص مقام تک لے جانے یا ان سے متعلق آمدورفت کے معاملات میں ملوث رہے ہیں جس کی حقیقت ریکارڈ اور سی سی ٹی وی فوٹیج سے واضح کی جا سکتی ہے۔شکایت کنندہ نے ڈائریکٹر ایجوکیشن کالجز ملتان ڈویژن سے مطالبہ کیا ہے کہ تمام معاملات کی غیر جانب دارانہ اور مکمل انکوائری کرائی جائے،سابق شکایات کا ریکارڈ طلب کیا جائے، کالج کا حاضری و آمدورفت ریکارڈ اور سی سی ٹی وی فوٹیج چیک کی جائے اور اگر الزامات درست ثابت ہوں تو قواعد و ضوابط کے تحت سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے۔







