اسلام آباد: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 29 تا 30 مئی کو عوامی جمہوریہ چین کے خصوصی انتظامی علاقے ہانگ کانگ کا دورہ کریں گے۔
اس دورے کے دوران وہ بین الاقوامی ثالثی تنظیم (IOMed) کے قیام سے متعلق کنونشن کی دستخطی تقریب میں شریک ہوں گے۔ 30 مئی کو وزیر خارجہ IOMed کنونشن پر دستخط کریں گے اور اس موقع پر تقریب سے خطاب بھی کریں گے۔
اسحاق ڈار ہانگ کانگ میں اپنے قیام کے دوران مختلف دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔
پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی مکمل پاسداری کے اصولوں کی حمایت کی ہے، جو عالمی امن و استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔
پاکستان IOMed کا بانی رکن ہے اور اس تنظیم کے مقاصد و اہداف کی بھرپور تائید کرتا ہے۔ IOMed عالمی سطح پر ثالثی، مکالمہ، سفارتکاری اور تعاون کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔
