آج کی تاریخ

آئی ایم ایف نے بھارت کا مطالبہ مسترد کر دیا، پاکستان کو 2.3 ارب ڈالر پیکیج ملنے کا امکان

اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف قرضہ رکوانے کی کوشش کو مسترد کر دیا ہے، جبکہ پاکستان کے لیے 2.3 ارب ڈالر کے امدادی پیکیج کی منظوری کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
آئی ایم ایف کی نمائندہ ماہر بنیسی نے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق 9 مئی کو ہی ہوگا، جس میں پاکستان کی مالیاتی درخواست بھی زیر غور آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کسی تیسرے ملک کے اعتراضات پر تبصرہ نہیں کرتا۔
وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان کے لیے 2 ارب 30 کروڑ ڈالر کے پیکیج کی منظوری متوقع ہے، جس میں 1.3 ارب ڈالر کا کلائمیٹ فنانسنگ آر ایس ایف پروگرام بھی شامل ہے۔ یہ رقم 28 ماہ میں قسطوں کی صورت میں فراہم کی جائے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدہ 25 مارچ 2025 کو طے پایا تھا۔ بھارت نے حالیہ دنوں میں آئی ایم ایف سے پاکستان کو دی گئی امداد کا ازسرِ نو جائزہ لینے کا مطالبہ کیا تھا، مگر آئی ایم ایف نے یہ مطالبہ رد کر دیا۔
وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد کے مطابق آئی ایم ایف پروگرام درست سمت میں جاری ہے اور حالیہ جائزہ بھی کامیابی سے مکمل کیا گیا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں