اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت وکیل کی غیر حاضری کے باعث عید کے بعد تک ملتوی کر دی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے کی۔
سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل شعیب شاہین نے عدالت کو بتایا کہ بیرسٹر سلمان صفدر راستے میں ہیں اور لیڈ کونسل سپریم کورٹ سے آ رہے ہیں، جس پر عدالت سے درخواست کی گئی کہ کیس کو بعد میں سنا جائے۔
قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کیس کو عید کے بعد سماعت کے لیے مقرر کر دیا جائے گا۔ وکیل کی عدم موجودگی کے سبب عدالت نے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔
دریں اثنا، عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ جیل حکام کو ملاقات کے لیے افراد کی فہرست فراہم کی گئی، مگر انہوں نے وصول نہیں کی۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ اس حوالے سے تحریری حکم نامہ جاری کیا جائے۔
جس پر قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ بینچ کے ایک رکن نے آرڈر تحریر کر لیا ہے اور جیسے ہی وہ میرے پاس آئے گا، میں دستخط کر دوں گا۔







