اسلام آباد: چیئرمین فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی اور چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے پنجاب سے تعلق رکھنے والے پانچ جوڈیشل افسران کی خدمات لاہور ہائیکورٹ کو واپس کردیں۔
فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی میں ڈیپوٹیشن پر تعینات ان افسران کی واپسی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔ ان افسران میں سیشن جج جزیلہ اسلم، ایڈیشنل سیشن جج عامر منیر، ڈاکٹر رائے محمد خان، راجہ جہانزیب اختر، اور سول جج شازیہ منور مخدوم شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، ان افسران کو قواعد و ضوابط کے تحت مقررہ وقت میں لاہور ہائیکورٹ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جسٹس منصور علی شاہ کے دور میں ان افسران کو فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی میں ڈیپوٹیشن پر تعینات کیا گیا تھا۔ اب جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کو اکیڈمی کا نیا انچارج مقرر کیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ عدالتی امور کی شفافیت اور قواعد کے مطابق اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔






