بولان میں جعفر ایکسپریس پر دہشتگردوں کا حملہ، مسافر یرغمال، سکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری

بولان (نمائندہ خصوصی) بلوچستان کے ضلع کچھی (بولان) کے علاقے پیروکنری میں دہشتگردوں نے جعفر ایکسپریس پر حملہ کرکے مسافروں کو یرغمال بنا لیا، جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے کلیئرنس آپریشن کا آغاز کر دیا۔
لیویز حکام کے مطابق حملے کے دوران ٹرین ڈرائیور زخمی ہوگیا جبکہ ٹرین اس وقت سرنگ میں رکی ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹرین کوئٹہ سے پشاور جا رہی تھی کہ پہلے ریلوے ٹریک کو دھماکے سے نشانہ بنایا گیا اور پھر فائرنگ کی گئی، جس کے بعد ٹرین میں تعینات سکیورٹی اہلکاروں اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ جعفر ایکسپریس 9 بوگیوں پر مشتمل ہے اور اس میں 400 سے زائد مسافر موجود ہیں۔ ٹرین آج صبح 9 بجے کوئٹہ سے روانہ ہوئی تھی۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے تصدیق کی ہے کہ جعفر ایکسپریس پر مسلح دہشتگردوں نے فائرنگ کی، جس کے بعد سکیورٹی فورسز فوری طور پر متحرک ہو گئی ہیں۔ امدادی کارروائیوں کے لیے ایمبولینسز جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دی گئی ہیں جبکہ سبی اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں نے ٹرین کو ٹنل میں روک کر مسافروں کو یرغمال بنا لیا ہے۔ یرغمالیوں میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ اطلاعات ہیں کہ حملہ آور بیرون ملک اپنے سہولت کاروں سے بھی رابطے میں ہیں۔
سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور دشوار گزار راستوں کے باوجود کلیئرنس آپریشن تیزی سے جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں