آئی ایس پی آر ونٹر انٹرن شپ سرٹیفکیشن تقریب، کور کمانڈر ملتان کا طلباء سے خطاب

گیریثرن پبلک لائبریری ملتان میں آئی ایس پی آر ونٹر انٹرن شپ کی پروقار تقریب تقسیم اسناد منعقد ہوئی، جس میں کور کمانڈر ملتان نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور انٹرن شپ مکمل کرنے والے طلباء میں اسناد تقسیم کیں۔

تقریب کے دوران کور کمانڈر ملتان نے طلباء سے خصوصی نشست میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا، جس میں انہوں نے قومی سلامتی، جدید میڈیا، اور نوجوانوں کے کردار پر روشنی ڈالی۔ ان کے مدلل اور باوقار انداز میں دیے گئے جوابات نے طلباء کے اندر نہ صرف شعور اجاگر کیا بلکہ انہیں قومی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کی ترغیب بھی دی۔

اس موقع پر کور کمانڈر ملتان نے خطاب کرتے ہوئے کہا:
“پاکستان کی موجودگی ہی ہماری شناخت ہے، اور ہر نوجوان کا فرض ہے کہ وہ اپنے عمل اور سوچ کو ملکی مفاد سے ہم آہنگ کرے۔ محنت، خوداعتمادی اور قومی بیانیے کی مضبوطی وقت کی اہم ضرورت ہے۔”

طلباء نے تقریب کے انعقاد پر پاک فوج کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ایسے سیشنز مستقل بنیادوں پر منعقد کیے جائیں تاکہ نوجوانوں اور پاک فوج کے درمیان قربت بڑھے اور غلط فہمیاں ختم ہوں۔ اس نشست نے ثابت کر دیا کہ پاکستان کے نوجوان، خصوصاً طلباء، اپنی مادرِ وطن کی ترقی اور استحکام کے لیے پرعزم ہیں اور ہر میدان میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

تقریب کے اختتام پر کور کمانڈر ملتان نے آئی ایس پی آر انٹرن شپ کے کامیاب شرکاء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے، جس پر طلباء نے بےحد مسرت کا اظہار کیا۔

یہ انٹرن شپ پروگرام طلباء کے لیے ایک ناقابلِ فراموش تجربہ ثابت ہوا، جس نے انہیں قومی بیانیے، جدید میڈیا کی اہمیت اور قومی سلامتی کے معاملات پر ایک نئی بصیرت فراہم کی۔ طلباء اور اساتذہ نے پاک فوج کی جانب سے نوجوانوں کے لیے فراہم کردہ اس شاندار موقع پر شکریہ ادا کیا اور اسے ایک ایسا اقدام قرار دیا جو تعلیمی اور عملی دنیا کے درمیان موجود خلا کو پُر کرنے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔

شیئر کریں

:مزید خبریں