بدھلہ سنت میں پولیس اور منشیات فروشوں میں مقابلہ،اشرف عرف ملنگی ہلاک،2 ساتھی گرفتار

ملتان(سٹاف رپورٹر)ملتان تھانہ بدھلہ سنت کے علاقے چک نمبر 1T کے قریب پولیس اور منشیات فروشوں کے درمیان مقابلہ ہوا، جس میں بدنام زمانہ منشیات فروش محمد اشرف عرف ملنگی ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے دو ساتھی موقع سے فرار ہوگئے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے بھاریمقدار میں منشیات، اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کرلی۔ ہلاک ہونے والا ملزم 36 سے زائد منشیات کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا اور پولیس کو طویل عرصے سے مطلوب تھا۔پولیس تھانہ بدھلہ سنت کو اطلاع ملی تھی کہ محمد اشرف عرف ملنگی اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ چک نمبر 1T میں موجود ہے اور منشیات سپلائی کرنے کے لیے روانگی کی تیاری کر رہا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ملزمان کو گھیرنے کی کوشش کی۔ پولیس کو دیکھتے ہی ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ پولیس نے حفاظتی پوزیشن سنبھال کر جوابی فائرنگ کی۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران محمد اشرف عرف ملنگی اپنے ہی ساتھیوں کی گولی لگنے سے شدید زخمی ہوگیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک 30 بور پسٹل معہ گولیاں، 1120 گرام ہیروئن، نقدی اور ایک موٹرسائیکل برآمد کرلی۔زخمی ملزم کو فوری طور پر نشتر ہسپتال ملتان منتقل کرنے کی کوشش کی گئی، مگر وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے ملزم کی لاش کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔ترجمان پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم محمد اشرف عرف ملنگی پولیس کو طویل عرصے سے مطلوب تھا اور اس کے خلاف منشیات فروشی کے 36 سے زائد مقدمات درج تھے۔ وہ علاقے میں منشیات فروشی کے بڑے نیٹ ورک کا سرغنہ سمجھا جاتا تھا اور اس کی گرفتاری پولیس کے لیے ایک چیلنج بنی ہوئی تھی۔فرار ہونے والے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ وقوعہ کا مقدمہ تھانہ بدھلہ سنت میں درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں