بلوچستان میں فورسز کی کارروائیوں میں 23 دہشتگرد ہلاک، 18 ایف سی جوان شہید

بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 23 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ بہادری سے لڑتے ہوئے فرنٹیئر کور (ایف سی) کے 18 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ کارروائی قلات کے علاقے منگوچر میں کی گئی، جہاں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں نے 31 جنوری اور یکم فروری کی درمیانی شب ایک شاہراہ کو بلاک کرنے کی کوشش کی، جس پر سکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ان کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔ اس آپریشن کے دوران 12 دہشتگرد مارے گئے جبکہ ایف سی کے 18 جوان مادرِ وطن کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہوگئے۔

قلات کے علاقے منگوچر میں کارروائی کے بعد ہرنائی میں بھی کلیئرنس آپریشن کیا گیا، جس میں مزید 11 دہشتگرد ہلاک کر دیے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے مقامی آبادی کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے کارروائیاں کیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دشمن قوتوں کے ایماء پر دہشتگرد بلوچستان کے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم سکیورٹی فورسز نے ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔

پاک فوج کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ گھناؤنے اور بزدلانہ حملے کے مرتکب دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ سکیورٹی فورسز بلوچستان میں امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں، اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں