سانحہ ملتان؛مریم نواز کا متوفین کیلئے 20 لاکھ،زخمیوں کو 5لاکھ امداد دینے کا اعلان

ملتان( ایڈیٹر رپورٹنگ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سیکرٹری صحت عظمت محمود کے ہمراہ برن یونٹ کا دورہ کیا اورفہد ٹاؤن کنٹینر دھماکے کے متاثرین کی عیادت کی اور بریفنگ لی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے ملتان دھماکے کے جانبحق افراد کے لواحقین کیلئے 20 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کیلئے 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔ انسانی جان کی کوئی قیمت نہیں ہوتی لیکن امداد متاثرین کی بحالی کی ادنی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حادثے پر دلی دکھ کا اظہار کیا ہے۔ حکومت پنجاب حادثے کے متاثرین کے دکھ میں برابر کی شریک ہے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر واقعے کی مکمل انکوائری شروع کردی گئی ہے۔غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ میں ملوث ملزمان کو ہرصورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔حادثے میں 6 ہلاکتیں اور 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے تمام متاثرین کی فوری بحالی کے احکامات جاری کئے ہیں۔برن یونٹ میں زیر علاج مریضوں کو مثالی طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے دھماکازخمیوں کے لواحقین سے بھی ملاقات کی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے عیادت کی اور دلاسہ دیا۔ سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود نے کہا کہ محکمہ صحت حادثے کے زخموں کی مکمل دیکھ بھال کررہا ہے۔واقعے کے بعد تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کی گئی جبکہ تمام طبی سہولیات میسر ہیں۔کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے حادثے کے بعد امدادی کارروائیوں اور علاج و معالجہ پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انتظامیہ نے حادثے کے فوری بعد مریضوں کو طبی امداد فراہم کی۔حادثے کے متاثرین اور لواحقین کیلئے قیام و طعام کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔جائے حادثے پر تمام حفاظتی سروے مکمل،لواحقین کیلئے شلٹر فراہم کردیئے۔ضلعی انتظامیہ نےگھروں جانوروں کے نقصانات کا تفصیلی سروے کرنے کا حکم دیدیابعدازاں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے ملتان برن یونٹ میں میڈیا سے بھی بات کی۔دریں اثناصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے سیکرٹری ہوم نور الامین مینگل کے ہمراہ جائے حادثے کا دورہ کیا اور گھروں کے نقصان کا جائزہ لیا۔کمشنر عامر کریم خاں،آر پی او کیپٹن ر سہیل چوہدری ،ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری سمیت ضلعی حکام بھی ہمراہ تھے۔علاوہ ازیںصوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نےسرکٹ ہائوس ملتان میں ملاقات کی۔ملاقات میں ایل پی جی کنٹینر کے افسوسناک واقعے بارے گفتگو کی گئی۔وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے گفتگو میں کہا کہ المناک واقعے بارے وزیر اعلیٰ پنجاب کو مکمل بریفنگ دیں گے۔ انہوں کہا کہ کوٹ چھٹہ میں بھی ایل پی جی ٹینکر کو آگ لگنے کا واقعہ رونما ہوا ہے،اس طرح کے حادثات کو روکنے کے لئے سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی نے ملتان اور کوٹ چھٹہ گیس کنٹینر دھماکہ بارے صوبائی وزیر کو بریفنگ دی اور بتایا کہ اس اندوہناک واقعہ کی وجہ سے پورے ملتان کی فضا سوگوار ہے۔انہوں نے تجویز دی کہ ایل پی جی کنٹینرز کی کوالٹی چیک کرنے کے لئے جامع پالیسی کی ضرورت ہے۔فواد ہاشم ربانی نے بتایا کہ جنوبی پنجاب میں آئل اور گیس کے غیر قانونی سٹوریج کے خلاف سخت کریک ڈائون شروع کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قانون کے تحت پہلے سے قائم آئل اور گیس ایجنسیوں کے آڈٹ اور انہیں این او سی جاری کرنے کے حوالے سے نئے ٹی او آرز کی ضرورت ہے۔علاوہ ازیں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی اور ایڈیشنل آئی جی پولیس محمدکامران خان نے ایل پی جی ٹینکر دھماکے کی جگہ کا معائنہ کیا اور متاثرین سے بھی ملاقات کی۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے پورے جنوبی پنجاب میں غیر قانونی آئل اینڈ گیس ایجنسیوں کے خلاف کریک ڈائون کا عندیہ دے دیا ہے۔ انہوں نے وارننگ دیتے ہوئےکہا کہ اگر کوئی سرکاری ملازم یا افسر ایسے غیر قانونی کاروبار کی پشت پناہی کرتے پایا گیا تو وہ نوکری میں نہیں رہے گا۔انہوں نے اس موقع پر موجود اسسٹنٹ کمشنر کو ہدایت کی جائے حادثہ سے فوری طور پر ملبہ ہٹایا جائے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری دھماکہ میں جلنے والے مویشیوں کے علاج میں تاخیر پر بھی برہم ہو گئے اور محکمہ لائیو سٹاک کے افسران کو مویشیوں کے علاج معالجہ کی ہدایات جاری کیں۔ایڈیشنل آئی جی پولیس جنوبی پنجاب محمد کامران خان نے میڈیا سے بات چیت میں بتایا کہ پولیس نے ایل پی جی ٹینکر دھماکہ میں ملوث عناصر کا کھوج لگا لیا اور دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس اور انتظامیہ کی مشترکہ ٹیمیں آئل اینڈ گیس کے غیر قانونی کاروبار ملوث مافیا کے خلاف آپریشن کریں گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں