ملتان(سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان نے کہا ہے کہ ایل پی جی ملاوٹ مافیا کے خلاف سخت کارروائی کریں گے اور اس میںجو بھی ملوث ہوا وہ سزا پائے گا ۔ شہریوں کی زندگی کی حفاظت نہ صرف ہماری ذمہ داری ہے بلکہ یہ دینی فریضہ بھی ہے۔روزنامہ’’ قوم‘‘ سے گفتگو کرتے انہوں نے بتایا کہ اس سلسلےمیں سیکرٹری پنجاب بھی خصوصی طور پر ملتان آئے اور اس معاملےکی اعلیٰ سطح پر انکوائری شروع ہو چکی ہے جو بھی ملوث ہوا وہ بچ نہیں پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ روزنامہ’’ قوم‘‘ کی خبر میری نظر سے گزری ہے جس میں آپ نے کاربن ڈائی آکسائیڈ(Co2)کا ذکر کیا ہے۔ روزنامہ قوم کے چیف ایڈیٹرنے کمشنرملتان کو تمام صورتحال سے آگاہ کیا اور انہیں بتایا کہ کس طرح کاربن ڈائی آکسائیڈ(Co2) ایل پی جی کے سلنڈر باؤزرز میں مکس ہوتی ہے۔ جب ایل پی جی کے بڑے ٹرالر 40 فٹ کے کنٹینر کے اوپر بڑے بڑے بائوزرزلے کر نکلتے ہیں تو ان میں 100 پرسنٹ خالص ایل پی جی ہوتی ہے لیکن راستے میں سندھ سے ملتان تک ایسی چار دیواریاں بنی ہوئی ہیں جہاں یہ ٹرالریا باؤزر داخل ہوتے ہیں۔ ایک بائوزرمیں 30 ٹن کے قریب ایل پی جی ہوتی ہے اس میں سے تین سے پانچ ٹن نکال لی جاتی ہے جو تقریباً 10 سے 15 لاکھ روپے کی بنتی ہے۔ اس میں کاربن ڈائی آکسائیڈ(Co2)بھردی جاتی ہے جو زیادہ سے زیادہ ڈھائی لاکھ روپے کی بنتی ہے۔ کاربن ڈائی آکسائیڈ(Co2) 50 ہزار روپے ٹن ہے۔ چوری کی وجہ سے سلنڈر باؤزر کا انٹرنل پریشر بڑھ جاتا ہے اور مکسنگ کے دوران ملاوٹ کرتے ہوئے بعض اوقات آگ لگ جاتی ہے۔کمشنرملتان نے تمام تفصیلات معلوم ہونےپرکہاکہ میں اس پرسخت کارروائی کروں گا۔ایل پی جی میں ملاوٹ کرنے والےمافیاکوانجام تک پہنچائینگے۔






