ملتان:گیس ٹینکر دھماکہ، 5 افراد جاں بحق، 30 سے زائد زخمی

ملتان کے علاقے فہد ٹاؤن، حامد پور چوک میں ایل پی جی گیس ٹینکر میں گیس لیکیج کے باعث دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد آگ نے بستی حامد پور کے کئی گھروں کو لپیٹ میں لے لیا، جس سے متعدد مکانات کو نقصان پہنچا اور کئی چھتیں منہدم ہو گئیں۔ کچھ گھروں میں موجود مویشی بھی آگ کی زد میں آ گئے۔

ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر پانچ گھنٹے طویل آپریشن کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ کولنگ کا عمل تاحال جاری ہے۔ ریسکیو اہلکاروں نے 30 سے زائد زخمیوں کو نشتر اسپتال منتقل کیا، جہاں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق 5 افراد دورانِ منتقلی دم توڑ گئے، جبکہ 28 زخمیوں کو نشتر اسپتال کے پاک اٹالین برن یونٹ منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں 14 خواتین، 3 بچے اور 9 مرد شامل ہیں، جن میں سے کئی کی حالت تشویشناک ہے۔

پاک اٹالین برن یونٹ کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ کا کہنا ہے کہ دو معمولی زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا ہے، تاہم دیگر مریضوں کا علاج جاری ہے۔ ریسکیو حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے اور کولنگ مکمل ہونے تک صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں