ملتان(خبرنگار)ڈپٹی کمشنر ملتان محمدعلی بخاری نےکہاہےکہ وزیراعلیٰ مریم نواز نےملتان کیلئے 190منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔جلد کام شروع ہو جائےگا۔ان خیالات کااظہار انہوںنے روزنامہ قوم کی دوسری سالگرہ کے موقع پردفترآمدپر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
ڈپٹی کمشنرنے ’’قوم‘‘ کی سالگرہ کاکیک بھی کاٹا۔ڈپٹی کمشنرمحمدعلی بخاری نے روزنامہ قوم کے دفتر کا دورہ کیااور روزنامہ قوم کی دو سالہ کامیاب اشاعت پر چیف ایڈیٹر میاں غفار اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ ’’قوم‘‘نےاس موقع پرڈپٹی کمشنرمحمدعلی بخاری سے سوال کیاکہ ملتان بہت سے مسائل کاشکارہے۔دوگروپوں کی آپس کی چپقلش کی وجہ سے فنڈزکی شدیدقلت ہے،سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں۔گٹرابل رہے ہیں،شہری مسائل بہت زیادہ ہیں۔آپ حال ہی میں ملتان تعینات ہوئےہیں۔شہرکی ترقی کے حوالےسےآپکی کیاترجیحات ہیں۔ڈپٹی کمشنرمحمدعلی بخاری نے جواب دیتےہوئےکہاکہ وزیراعلیٰ مریم نوازکاوژن اورڈائریکشن ہے کہ عوامی مسائل ترجیحاً حل کئے جائیں۔انہوںنے منصب سنبھالتےہی ملتان سمیت صوبہ بھرمیں تجاوزات کیخلاف آپریشن کرایا۔گرانفروشی کیخلاف ضلعی حکومت سخت اقدامات کررہی ہے۔ یکم دسمبر2024سےلے کر اس وقت تک ہمارے مجسٹریٹس نے ہزاروں کارروائیاں کیں۔تقریبا ًسترہ سو لوگوں کو جرمانے عائدکئے گئے۔جرمانے جو گراںفروشوں کے اوپر عائد کئےگئے ہیںاس کی مد میں تقریبا ًسوا کروڑ روپے کی وصولی بھی کی گئی ہے۔انتظامیہ شہرکےمسائل کےحل کی پوری کوشش کر رہی ہے۔میڈیاکی مثبت تنقیدہمارےلئے مددگارثابت ہوتی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نوازکے ایس ڈی جیزکے تحت ضلع ملتان کی 190سکیمیں منظورہوچکی ہیں۔اب بہت جلدٹینڈرنگ ودیگرپراسس مکمل ہوگا۔جلدشہرترقی کے راستےپرگامزن نظرآئےگا۔مقامی عوامی نمائندوں کی نشاندہی پرجن جن علاقوں میں جن سکیموں کی ضرورت ہے پرترقیاتی کام ہونگے۔ڈپٹی کمشنرمحمدعلی بخاری نےکہاکہ روزنامہ قوم کی دوسری سالگرہ ہےاور اس موقع پر میں آپ کو اور آپکی ساری ٹیم کو اور جو آپکی ٹیم یہاں موجودہے۔ ان سب کودل کی گہرائیوں سے مبارک بادپیش کرتا ہوں۔ روزنامہ قوم پرنٹ میڈیامیںبہت مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔معاشرے کی بہتری کیلئے آپ کے کام اورکاوشیں قابل ستائش ہیں۔ڈپٹی کمشنر ملتان نےگفتگوکرتےہوئے اس بات پر زور دیا کہ صحافت کا اصل مقصد عوام تک حقائق پہنچانا اور سماجی مسائل کو اجاگر کرنا ہےاور روزنامہ قوم اس ذمہ داری کو بخوبی نبھا رہا ہے۔روزنامہ قوم نے اپنی دو سالہ اشاعت کے دوران عوامی مسائل، سماجی ناانصافیوں، اور حکومتی پالیسیوں پر تنقید کے ساتھ ساتھ اصلاحی تجاویز پیش کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اخبار کی ٹیم نے پیشہ ورانہ اصولوں پر عمل کرتے ہوئے مستند اور باوقار صحافت کا مظاہرہ کیا جو آج کے دور میں ایک نایاب معیار ہے۔ڈپٹی کمشنر علی رضا بخاری نے اس موقع پر کہا کہ پرنٹ میڈیا نہ صرف عوام کی آواز ہے بلکہ حکومت اور عوام کے درمیان ایک پل کا کردار بھی ادا کرتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ روزنامہ قوم اپنی محنت اور پیشہ ورانہ اصولوں پر عمل پیرا رہتے ہوئے آئندہ بھی کامیابیاں حاصل کرتا رہے گا۔اس موقع پر چیف ایڈیٹر میاں غفار نے ڈپٹی کمشنر کے دورے کو اخبار کی ٹیم کیلئے ایک اعزاز قرار دیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ روزنامہ قوم عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کے حقوق کیلئے اپنی صحافتی خدمات جاری رکھے گا۔یہ موقع اس بات کا بھی مظہر ہے کہ پرنٹ میڈیا کی اہمیت آج بھی برقرار ہے اور عوامی اعتماد کے ساتھ ساتھ حکومتی نمائندے بھی اس کی افادیت کو تسلیم کرتے ہیں۔ روزنامہ قوم کی کامیاب اشاعت نہ صرف اخبار کی ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے بلکہ اس عزم کی عکاسی کرتی ہے کہ حقائق پر مبنی صحافت آج بھی اپنی قدر و منزلت رکھتی ہے۔






