ایڈزمعاملہ:انتظامیہ کااعتراف،نشترمیں خوف وہراس، ڈاکٹرز،عملےکےایچ آئی وی ٹیسٹ،تحقیقات شروع

نشتر ایڈزمعاملہ تحقیقات شروع ،مجرمانہ غفلت،6ماہ سے اہچ آئی وی سکریننگ بند

ملتان ( سٹاف رپورٹر) ایڈزپھیلنےکےمعاملے کی انکوائری کیلئے کمیٹی نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان پہنچ گئی۔ سینئر ڈاکٹرز کی جانب سے غفلت سامنے آگئی۔ ڈائیلسز کیلئے رجسٹرڈ مریضوں کیلئے طے شدہ ایس و پیز کے تحت چھ ماہ کے بعد بھی ایچ آئی وی ایڈز کیلئے سکریننگ ٹیسٹ نہ کروائے گئے ۔ سینئر ڈاکٹرز بشمول پروفیسر تا سینئر رجسٹرار کے احکامات کی روشنی میں ہی سکریننگ ٹیسٹ کرائے جاتے ہیں لیکن سینئرز کی عدم دلچسپی و مجرمانہ غفلت کے باعث یہ سکریننگ طے شدہ ٹائم پر نہ ہوسکی ۔ متعدد مریضوں کی فائلیں ادھوری ہیں۔ ریکارڈ میں ردوبدل سامنےآگیا۔ کئی زندگیاں داؤ پر لگ گئیں۔ نشترانتظامیہ معاملے کو دبانےکیلئے کوشاں ہے۔ایڈیٹررپورٹنگ کے مطابق نشتر ہسپتال میں ایڈز پھیلنے کے واقعہ کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی ، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن اور نشتر ہسپتال کی تین رکنی کمیٹی کی نشتر آمد ، ریکارڈ کا جائزہ لیا اور وائس چانسلر، ایم ایس سے ملاقاتیں کیں اور نیفرالوجی وارڈز کا وزٹ کیا ، نشتر انتظامیہ نے ڈائیلسز کروانے مریضوں کا ڈیٹا نکال لیا ، آئندہ 24 گھٹنے کے دوران تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر آنے کا امکان ہے ۔ تفصیل کے مطابق سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے ایڈز معاملہ کی تحقیقات کے لیے قائم کی گئی پانچ رکنی ٹیم نے پروفیسر ڈاکٹر شہزاد انور کی سربراہی میں گزشتہ روز نشتر ہسپتال ملتان کا دورہ کیا اور وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی ، ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر محمد کاظم خان ، اولڈ اور نیو نیفرالوجی وارڈز کا وزٹ کیا اور مریضوں کا ریکارڈ چیک کیا ۔ ہیلتھ سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب ، پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیمیں اور نشتر ہسپتال کی تین رکنی کمیٹی بھی موجود تھی، نشتر ہسپتال کی تین رکنی کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر ظہرا نازش کی سربراہی میں کام کررہی ہے جس میں پروفیسر ڈاکٹر اصغر جاوید اور اے ایم ایس ایڈ ڈاکٹر محمد زاہد ممبرز شامل ہیں ۔ دوسری جانب ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ نشتر ہسپتال میں ڈائیلسز کے لیے آنے والے مریضوں کا ڈیٹا صحت سہولت کارڈ کی وجہ سے ریکارڈ پر موجود ہے۔ اس طرح نشتر انتظامیہ نے ڈائیلسز کروانے والے مریضوں کا ڈیٹا نکلوا لیا ہے جس سے تمام مریضوں کا جائزہ لیا جاسکے گا، ذرائع کا کہنا ہے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران رپورٹ پیش کردے گی ۔

شیئر کریں

:مزید خبریں