اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کے دوران عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اسلام آباد مارچ کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے تاہم انہوں نے کمیٹی کے نام منظر عام پر لانے سے انکار کیا ہے۔ بانی نے کہا کہ نام نہیں بتاؤں گا کیونکہ پھر گرفتار کرلیا جاتا ہے۔
عمران خان نے کہا ہے 24 نومبر کو احتجاج کا مرکز اسلام آباد ہوگا۔ احتجاج پاکستان بھراور پوری دنیا میں ہوگا۔ احتجاج تب تک ختم نہیں ہوگا جب تک مطالبات پورے نہیں ہوتے۔فیصل چوہدری کےمطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا احتجاج کی یہ فائنل کال ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ 26 ویں ترمیم واپس لی جائے اور ہمارامینڈیٹ واپس کیا جائے، بغیر ٹرائل گرفتار لوگوں کو رہا کیا جائے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا احتجاج میں پی ٹی آئی کی پوری لیڈرشپ نکلے گی اور ساری پارٹی کو پتا ہے کس نے کیا کرنا ہے جب کہ احتجاج ختم کرنے کا اختیار ایک کمیٹی کو ہوگا۔عمران خان کے وکیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر علی امین گنڈاپور بھی قافلہ لے کر کے پی سے نکلیں گے۔






