فائرنگ کیس فارم 47 کے نمائندے کو بچانے میں ناکام ،ڈی پی او لودھراں کیخلاف محاذ

فائرنگ کیس فارم 47 کے نمائندے کو بچانے میں ناکام ،ڈی پی او لودھراں کیخلاف محاذ

ملتان(کرائم سیل رپورٹ) لودھراں اور بہاولپور کے فارم 47 کے نمائندوں کی مشترکہ سہولت کاری، اپنے دوست کی شادی کی تقریب میں اندھا دھند ہوائی فائرنگ پر
مقدمے کا اندراج اور بعد ازاں ایک ڈیرے سے گرفتاری لودھراں پولیس اور ’’چنتخب ‘‘عوامی نمائندوں کے درمیان سرد جنگ کا باعث بن گئی، فائرنگ کرانے والے بااثر اپنے ساتھی اور سہولت کار کو بھی نہ بچا سکے۔ ڈی پی او لودھراں کامران ممتاز نے جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیاسی پناہ میں ایک ڈیرے پر چھپے ہوئے بااثر ملزم کو گرفتار کرا لیا۔ ممبران اسمبلی نے ڈی پی او لودھراں کے خلاف تحریک استحقاق کے لیے سر جوڑے ہوئے ہیں اور لودھراں پولیس کے اس ایک جرات مندانہ اقدام نے جرائم پیشہ افراد کی نیندیں حرام کر دی ہیں جبکہ سرعام گھومنے والے بعض اوباش آس پاس کے علاقوں میں جا چکے ہیں۔ تھانہ صدر لودھراں میں درج کئے گئے اس مقدمے میں لکھا گیا ہے کہ دانیال جبلہ ولد نور محمد جبلہ قریشی سکنہ بستی عظیم پور کے گھر شادی کی تقریب میں مسعود عاقل ولد میاں منظور احمد جبلہ قریشی رائفل سے اندھا دھند ہوائی فائرنگ کر رہا تھا ۔پولیس نے چھاپہ مارا تو مسعود عاقل پولیس کو دیکھتے ہی موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر مہندی کی تقریب سے 6 عدد خول برآمد کرکے مقدمہ درج کر لیا۔ فائرنگ کا ملزم فرار ہو کر ایک سیاستدان کے ڈیرے پر روپوش پناہ گزیں ہوا جسے صدر پولیس نے گزشتہ روز گرفتار کر لیا۔ اس چھاپے پر پولیس حکام اور ایک سیاستدان کی تلخ کلامی بھی ہوئی مگر فارم 47 کی پیداوار اپنے بااثر ساتھی کو بچانے میں ناکام رہی۔ ڈی پی او لودھراں کامران ممتاز ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے سامنے ڈٹ گئے اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے لودھراں میں قانون سب کے لیے برابر کرنے کا بھرپور پیغام دے دیا۔ دوسری جانب ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ڈی پی او لودھراں کے خلاف ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے تحریک استحقاق جمع کروانے کے لیے سر جوڑ لیے ہیں۔پولیس کے ایک ذریعے کے مطابق ملزم کو گرفتار کیا تھا مگر ضمانت قبل از گرفتاری کی وجہ سے جانے دیا گیا تاہم شہر کا سیاسی درجہ حرارت اس معاملے میں سرد موسم میں بھی گرم ہو رہا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں