ACHS,IIIMS,MMDCمیں بھی غیر منظور شدہ پروگرامز دھڑلے سے جاری

ACHS,IIIMS,MMDCمیں بھی غیر منظور شدہ پروگرامز دھڑلے سے جاری

ملتان میںجی سی یو فیصل آباد سے الحاق شدہ الائیڈ کالج آف ہیلتھ سائنسز، اسلامک انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسزمیںبی ایس ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائٹیٹکس شامل

ملتان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج میں بی ایس فوڈ اینڈ نیوٹریشن کاایچ ای سی کی نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل سے ایکریڈیشن نہ ہونے کا انکشاف

اعلیٰ تعلیمی اداروں کی پیش کردہ زراعت، فوڈ اور نیوٹریشن سے متعلقہ ڈگری پروگراموں کو NAEAC کے ساتھ رجسٹر ہونا لازمی قراد دیا جا چکا

سی اواوMMDCکاموقف سےگریز، NAEAC کے پاس کوئی اختیارنہیں:IIIMS،کسی کونسل کو نہیں مانتے:الائیڈکالج آف ہیلتھ سائنسز

ملتان ( سٹاف رپورٹر ) جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے شہر ملتان میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد سے الحاق شدہ 2 نجی تعلیمی ادارے الائیڈ کالج آف ہیلتھ سائنسز ملتان، اسلامک انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ملتان میں پروفیشنل ڈگری بی ایس ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائٹیٹکس اور ملتان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ملتان میں بی ایس فوڈ اینڈ نیوٹریشن کا ہائر ایجوکیشن کمیشن کی منظور شدہ نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل سے ایکریڈیشن نہ ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ NAEAC سے جاری شدہ لسٹ کے مطابق الائیڈ کالج آف ہیلتھ سائنسز ملتان اور اسلامک انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ آف سائنسز ملتان کے بی ایس ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹیٹکس کے پروگرامز بالکل غیر قانونی ہیں۔ ملتان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ملتان نے بھی ابھی تک بی ایس فوڈ اینڈ نیوٹریشن کی ایکریڈیشن حاصل نہ کی ہے۔ نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل (NAEAC) ان پانچ ایکریڈیٹیشن کونسلز (ACs) میں سے ایک ہے جنہیں ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) نے ملک بھر میں زراعت، فوڈ اور نیوٹریشن سے متعلقہ ڈگری پروگراموں کو تسلیم کرنے کے لیے متعین کیا ہے۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں کی پیش کردہ زراعت، فوڈ اور نیوٹریشن سے متعلقہ ڈگری پروگراموں کو NAEAC کے ساتھ رجسٹر ہونا لازمی قراد دیا جا چکا ہے اور اس کا نوٹیفکیشن این اے ای اے سی کی آفیشل ویب سائٹ پر موجود ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق طلباءو طالبات کو متعدد بار متنبہ کیا گیا ہے کہ وہ غیر منظور شدہ پروفیشنل ڈگری پروگرامز میں داخلہ نہ لیں۔ ورنہ وقت اور پیسوں کے ضائع ہونے کے وہ خود ذمہ دار ہوں گے ۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)، حکومت پاکستان نے اعلیٰ تعلیم تک رسائی اور معیار دونوں کو بہتر بنانے کے لیے کئی اقدامات کیے ہیں اور ایکریڈیٹیشن کونسلز کا قیام بھی تعلیمی معیار کو بہتر بنانے اور اسے بین الاقوامی معیار کے برابر لانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن نے 2007 میں نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیٹیشن کونسل (NAEAC) قائم کی تھی جس میں سرکاری اور نجی شعبوں میں زرعی یونیورسٹیوں اور تحقیقاتی اداروں، معروف صنعتوں اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ سے متعلقہ اداروں کے ماہرین کی نمائندگی شامل کی گئی تھی۔ NAEAC کا دائرہ کار پبلک/پرائیویٹ سیکٹر کی یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اداروں کی طرف سے پیش کیے جانے والے تمام زراعت، فوڈ، نیوٹریشن اور اس سے منسلک ڈگری پروگرام NAEAC کے دائرہ کار میں آتے ہیں جن میں ایگریکلچر بائیو ٹیکنالوجی، ایگریکلچر کیمسٹری، ایگریکلچر اکنامکس ، ایگریکلچر ایجوکیشن اینڈ ایکسٹینشن ، ایگریکلچر اینٹومولوجی، ایگرونومی، اینیمل سائنسز ، کلائیمیٹ چینج، کلاءیمیٹ سٹڈیز، کراپ فزیالوجی ، ڈیری سائنسز / ڈیری ٹیکنالوجی، انوائرمنٹل سائنس، فاریسٹری، فشریز اور ایکوا کلچر ، فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، ہارٹیکلچر، ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائٹٹیٹکس ، مارکیٹنگ اینڈ ایگری بزنس، نیوٹریشن سائنسز، نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹیٹکس ، پلانٹ بریڈنگ اینڈ جنیٹکس، پلانٹ پروٹیکشن، پلانٹ پیتھالوجی ، پولٹری سائنس، رینج مینجمنٹ، سوائل اینڈ انوائرمنٹل سائنس ، سیڈ سائنس اور ٹیکنالوجی، وائلڈ لائف مینجمنٹ اور وییڈ سائنس سمیت 25 شعبہ جات شامل ہیں۔ ان تمام شعبہ جات میں طلباء و طالبات کو داخلہ دینے کے لئے ایگریکلچر کونسل سے منظوری لینا ضروری قراد دے دیا گیا ہے۔

توجہ طلب امر یہ ہے کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد سے الحاق شدہ الائیڈ کالج آف ہیلتھ سائنسز ملتان، اسلامک انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ آف سائنسز ملتان ، ملتان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ملتان کے پاس بی ایس ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹیٹکس اور بی ایس فوڈ اینڈ نیوٹریشن کے اجازت نامہ کا سرے سے وجود ہی نہیںاور نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل الائیڈ کالج آف ہیلتھ سائنسزاور اسلامک انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ آف سائنسز ملتان کے بی ایس ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹیٹکس کو غیر قانونی قرار دے چکی ہے ۔ جبکہ ملتان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پاس بھی بی ایس فوڈ اینڈ نیوٹریشن کی ایکریڈیشن موجود نہیں۔ اس خبر کے حوالے سے جب ملتان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ملتان کے چیف آپریٹنگ آفیسر عمران رسول سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کسی بھی قسم کا کوئی جواب نہ دیا۔ اسلامک انٹرنیشنل انسٹیٹیوٹ آف سائنسز ملتان سے موقف کے لیے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایگریکلچر ایجوکیشن ایکریڈیشن کونسل کے پاس اب بی ایس ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹیٹکس کا کوئی اختیار نہیں۔ الائیڈ کالج آف ہیلتھ سائنسز ملتان سے جب رابطہ کیا گیا تو ان کا موقف تھا کہ وہ ایسی کسی کونسل کو نہیں مانتے۔ 2 بندے کھڑے ہو کر اپنی کونسل بنا لیتے ہیں۔ ان کو بتایا گیا کہ یہ کونسل ایچ ای سی نے بنائی ہے تو ان کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی نے کیسے بنا دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر پبلک سیکٹر یونیورسٹیز نے اب تک اس کونسل کو گھاس نہیں ڈالی۔ یہ جو نام و نہاد کونسل ہے اس نے نہ ڈگری جاری کرنی ہے اور نہ ہی تصدیق کرنی ہے ۔ اور نہ ہی اس کونسل کی اپنی کوئی حیثیت ہے۔ اس کونسل نے ایچ ای سی کا سہارا لے کر کچھ من گھڑت نوٹیفکیشن جاری کیے ہوئے ہیں ۔ ہماری ڈگری ایچ ای سی تصدیق کر رہی ہے ۔ ان سے کہا گیا کہ آپ کے کالج اور آپ کی یونیورسٹی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کے بارے میں کونسل سٹوڈنٹ الرٹ جاری کر چکی ہے آپ اس کو چیلنج کیوں نہیں کرتے تو ان کا موقف تھا کہ جب 2 بندے اٹھ کر کونسل کے خلاف کورٹ میں چلے گئے تو کونسل اڑ جائے گی تو کونسل کی کیا اوقات رہ جائے گی اور کونسل کا بوریا بستر گول ہو جائے گا ۔ آپ بھی ایچ ای سی جائیں ، تھوڑا پیسہ خرچ کریں اور ریسرچ کریں کہ یہ کونسلز کیا ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں