ڈی فارمیسی، کیٹیگری بی ڈگری میں قواعدوضوابط خلاف ورزی،کونسل کانوٹس، NOCمنسوخی کی وارننگ

ڈی فارمیسی، کیٹیگری بی ڈگری میں قواعدوضوابط خلاف ورزی،کونسل کانوٹس، NOCمنسوخی کی وارننگ

فارمیسی اور کیٹیگری بی کی تعلیم کیلئے درکار سہولیات، انفراسٹرکچر، فیکلٹی اور دیگر ضروریات کی تصدیق تعلیم کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر
مختلف یونیورسٹیاں/ ادارے ڈی فارمیسی اور کیٹیگری بی پروگرام کی کم از کم ضروریات کو بھی پورا نہیں کر رہے ،فارمیسی کونسل کامعائنوں کاانتباہ

ملتان ( سٹاف رپورٹر ) منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سروس، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشنز حکومت پاکستان کے زیر انتظام فارمیسی کونسل آف پاکستان کی جانب سے پورے پاکستان کی ڈی فارمیسی اور کیٹیگری بی کی حامل یونیورسٹیوں اور اداروں کے وائس چانسلرز اور ریکٹرز حضرات کو خط لکھ دیا گیا کہ وہ اپنی ڈی فارمیسی اور کیٹیگری بی کی تعلیم کے لیے کم از کم ضروریات کو پورا کریں۔ اور اسی حوالے سے 25 جون 2024 کو ایک سرکلر بھی جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق فارمیسی کونسل آف پاکستان ملک بھر میں فارمیسی کی تعلیم، فارمیسی کی سہولیات (انفراسٹرکچر، فیکلٹی، مالی وسائل، نصاب، امتحانات)، فارماسسٹ، فارمیسی سپورٹ پرسنز وغیرہ کو ریگولیٹ کر رہی ہے کیونکہ یہ ایک پیشہ ور ادارہ ہے جو فارماسسٹ کی رجسٹریشن کا ذمہ دار ہے۔ ملک فارمیسی کی تعلیم کو ریگولیٹ و فروغ دے رہا ہے مگر مختلف یونیورسٹیاں/ ادارے جو ڈی فارمیسی اور کیٹیگری بی کے پروگرام چلا رہے ہیں وہ بی فارمیسی ڈگری پروگرام اور کیٹیگری بی کی کم از کم ضروریات کو بھی پورا نہیں کر رہے اور فارمیسی کونسل آف پاکستان کے جاری کردہ این او سی کی مسلسل خلاف ورزی کر رہے ہیں۔ اس لیے فارمیسی اور کیٹیگری بی کی تعلیم کیلئے درکار سہولیات، انفراسٹرکچر، فیکلٹی اور دیگر ضروریات کی تصدیق تعلیم کے معیار کو برقرار رکھنے کے لیے ناگزیر ہے۔ مذکورہ بالا احکامات کے پیش نظر ہر ادارے کو ڈی فارمیسی اور کیٹیگری بی کی کم از کم ضروریات کی تکمیل کو یقینی بنانا ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ یونیورسٹیوں اور انسٹی ٹیوشنز میں فارمیسی کونسل آف پاکستان کے انسپکٹرز پر مشتمل ایک ٹیم بغیر کسی پیشگی اطلاع کے ان تمام اداروں سے منسلک ہسپتالوں کا معائنہ کر سکتی ہے۔ کونسل کی ہدایات پر عمل کرنے میں ناکامی ڈی فارمیسی اور کیٹیگری بی کے لیے این او سی کی منسوخی کا باعث بنے گی۔

شیئر کریں

:مزید خبریں