ملتان (وقائع نگار) درگاہ حضرت شاہ رکن عالم نوری حضوریؒ کے سجادہ نشین مخدوم شاہ محمود قریشی کے صاحبزادے رکن قومی مخدوم زین حسین قریشی نے کہا ہے کہ حضرت شاہ رکن عالمؒ نے 8 سو سال قبل جو ایکشن پلان دیا تھا اگر اس پر عمل کیا جائے تو ملک میں امن اخوت بھائی چارہ اور یکجہتی پیدا کر کے معاشرے کو لسانیت سے پاک کیا جا سکتا ہے اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے جبکہ سابق ایم پی اے مخدوم مرید حسین قریشی نے اپنے خطاب میں کیا اولیاءاللہ کے آستانے صدیوں سے آباد ہیں اور قیامت تک آباد رہیں گے ۔حضرت شاہ رکن عالم نوری حضوریؒ کے مزار پر آنے والوں کا سلسلہ نسل در نسل جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حضرت شاہ رکن عالم نوری حضوریؒ کے 713ویں عرس کی اختتامی نشست سے خطابات میں کیا۔ جماعت اہل سنت کے مرکزی امیر علامہ مظہر سعید کاظمی نے رقت آمیز دعا کرائی۔ اختتامی نشست میں سندھ سمیت ملک بھر سے ہزاروں زائرین نے شرکت کی ۔معروف مذہبی سکالر علامہ پروفیسر ڈاکٹر محمد صدیق خان قادری نے حسب روایت نظامت کے فرائض انجام دئیے اور منقبت پیش کی جبکہ علامہ مظہر سعید کاظمی کے صاحبزادے احسن سعید کاظمی ،جماعت اہل سنت کے صوبائی ناظم اعلی علامہ محمد فاروق خان سعیدی ،محکمہ اوقاف کا زونل خطیب علامہ عمران انور نظامی، ممتاز عالم دین پیر سید فیض الحسن گیلانی ،تنظیم علما اوقاف کے صدر علامہ قاضی بشیر احمد گولڑوی ،ناظم اعلی علامہ ڈاکٹر ارشد علی بلوچ ،علامہ نواب علی مہر سہروردی ،علامہ قاری غلام فرید اظہری، قاری محمد صدیق، صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی، جام اصغر حمیدی نے خطاب جبکہ نعمان بختیار،عاصم گولڑوی،امان اللہ سہروردی،محمد جمن،ممتاز علی عباس،احسن علی نقشبندی،محمد ذوالقرنین مہروی،حافظ خالد رضا،غوث بخش جتوئی،قادی احمد بخش،محمد قاسم سمیت بڑی تعداد میں نعت خوانان نے نذرانہ عقیدت پیش کیا جبکہ معروف شعراءوسیم ممتاز ایڈووکیٹ ،عباس ملک اور قمر ہاشمی نے اپنا اپنا کلام پیش کیا اختتامی نشست میں مخدوم زادہ سجاد حسین قریشی ،درگاہ حضرت چادر والی سرکار کے سجادہ نشین پیر علی حسین شاہ ،ایڈمنسٹریٹر اوقاف ایاز محمود لاشاری ،درگاہ حجرہ اعتکاف غوث پاک نورانی کے سجادہ نشین مخدوم عالمین گیلانی ،دربار پیر علی مردان کے سجادہ نشین مخدوم ڈاکٹر شہوار اویسی ،ایم پی اے ندیم قریشی ،ظہور مہے ،چوہدری خالد جاوید وڑائچ ،میاں آصف محمود نقشبندی ،میاں جمیل احمد نقشبندی ،جام اصغرحمیدی،کمرشل آفیسر میپکو شیخ شہباز علی ،سجادہ نشین میاں عابد حسین ،میاں صفدر حسین سمیت بڑی تعداد میں اہم شخصیات نے شرکت کی ۔







