ملتان(خصوصی رپورٹر)محمد نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ملتان کے دفتر برائے تحقیق، جدت اور تجارتی امور کی کاوشوں سے یونیورسٹی کے تحقیقی جریدے ’’فرنٹیئرز اِن انجینئرنگ، سائنس اینڈ مینجمنٹ‘‘ کا پہلا شمارہ ستمبر 2026ء میں شائع کر دیا گیا ہے۔ یہ اہم پیش رفت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انجینئر توصیف ایزد کی قیادت میں جامعہ میں تحقیق، جدت اور علمی سرگرمیوں کے فروغ کے عزم کی عکاس ہے۔ یونیورسٹی کے اس تحقیقی جریدے کے پہلے شمارے میں 10 تحقیقی مقالات شامل ہیں، جن میں مکینیکل انجینئرنگ، کیمیکل انجینئرنگ، کیمسٹری اور کمپیوٹر سائنس کے شعبوں میں ہونے والی جدید تحقیق پیش کی گئی ہے۔ اس جریدے کے اجراء میں دفتر برائے تحقیق، جدت اور تجارتی امور نے اہم کردار ادا کیا۔ یہ کاوش محمد نواز شریف یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں معیاری تحقیق، علمی اشتراک اور تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر انجینئر توصیف ایزد نے جریدے کے پہلے شمارے کی اشاعت پر دفتر برائے تحقیق، جدت اور تجارتی امور، مدیر اعلیٰ، مجلسِ ادارت، محققین، مصنفین اور مقالہ جات کے جانچ کنندگان کی کاوشوں کو سراہا اور اس امید کا اظہار کیا کہ یہ تحقیقی جریدہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر معیاری تحقیق کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔







