ملتان (جنرل رپورٹر)چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان کے انتخابات کے سلسلے میں فرینڈز گروپ کے امیدوار برائے ایگزیکٹو کمیٹی ایسوسی ایٹ کلاس خواجہ احمد نبیل نے عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرینڈز گروپ کی کامیابی نوشتہ دیوار ہےاور فاؤنڈرز کے ساتھی بھی ہماری کارکردگی دیکھ کر کثیر تعداد میں فرینڈز گروپ میں شامل ہو رہے ہیں۔ تقریب میں بزرگ تاجر رہنما و چیئرمین آل پاکستان انجمن تاجران خواجہ محمد شفیق، امیدواران اور عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔خواجہ احمد نبیل نے کہا کہ ہمارا کردار آفتاب کی طرح واضح ہے، ہم نے تاجروں سے کیے گئے وعدے پورے کیے ہیں۔ فاؤنڈرز گروپ سے نہ کوئی لڑائی ہے نہ ذاتی جھگڑا۔ ملتان چیمبر 70 سال پرانا ادارہ ہےلیکن بدقسمتی سے یہ ہمیشہ چند خاندانوں کی دسترس میں رہا، عام ممبران کو دور رکھا گیا، مشاورت میں شامل نہیں کیا گیا اور ممبر شپ بڑھنے نہیں دی گئی جس کی وجہ سے رحیم یار خان چیمبر بھی تعداد میں ملتان سے تین گنا زیادہ ہے۔ایسوسی ایٹ کلاس کے امیدوار حماد احمد میاں اور نواب عاطف اشفاق نے کہا کہ لاہور، کراچی، فیصل آباد، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کے چیمبر اپنے تاجروں کے مفادات کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے بڑے کام کر رہے ہیں جبکہ ملتان چیمبر کی کوئی قومی پہچان نہیں بن سکی۔ انہوں نے وعدہ کیا کہ فرینڈز گروپ تبدیلی لائے گا، ممبران کی عزت افزائی کرے گا اور مقررہ مدت کے بعد انتخابات جاری رکھے گا۔ تقریب سے ڈاکٹر شفیق پتافی نے ووٹ کاسٹ کرنے کا طریقہ کار بتایا۔ اس موقع پر خواجہ محمد شفیق، چوہدری الطاف شاہد، آصف مجید، شیخ طاہر امجد، اظہر ممتاز ٹیپو، خواجہ عمار یاسر، چوہدری طارق کریم، شاہد حسین مرزا، زاہد گردیزی، خواجہ محمد فاروق، احتشام الحق، ممتاز علی بابر، ظفر اقبال صدیقی، مرزا اعجاز علی، ملک اختر حسین، عبدالوہاب حسن اقبال، شہزاد کریم، شہوار حسین اور دیگر نے شرکت کی۔







