فرینڈز آف ملتان اور فاؤنڈرز گروپ آمنے سامنے، چیمبر انتخابات کل ہوں گے

ملتان(جنرل رپورٹر)چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان کے انتخابات کل 16 ستمبر کو منعقد ہوں گے۔فرینڈز آف ملتان اور فاؤنڈرز گروپ کے درمیان سخت، دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔ دونوں گروپوں کی الیکشن کمپین زور و شور سے عروج پر پہنچ چکی ہے۔ شہر بھر میں گلیوں، محلوں، چوکوں، چوراہوں، دفاتر، تجارتی مراکز اور کاروباری اجتماعات میں چیمبر آف کامرس ملتان کے انتخابات ہی زیر بحث ہیں، جہاں ہر طرف امیدواروں، ان کے حامیوں اور کاروباری برادری کے افراد کے درمیان انتخابی سرگرمیاں، ملاقاتیں، مشاورتیں اور حمایتی مہمات جاری ہیں۔ اس حوالے سے دونوں گروپوں کی جانب سے شہر کے اہم مقامات، چوکوں، چوراہوں، تجارتی مارکیٹوں اور دفاتر پر بڑے ہولڈنگ بورڈ، پینا فلیکس اور بینرز اویزاں کر دیے گئے ہیں، جن پر امیدواروں کی تصاویر، انتخابی نعرے اور پیغامات نمایاں ہیں، جس سے شہر میں انتخابی رنگ و روپ نمایاں ہو گیا ہے۔ فرینڈز آف ملتان کارپوریٹ کلاس کاروباری برادری کی بہتر نمائندگی، شفافیت، جدید سوچ، ڈیجیٹل سہولیات، چھوٹے و درمیانے تاجروں کی حمایت اور عملی منصوبہ بندی کے وعدوں کے ساتھ میدان میں ہےجبکہ فاؤنڈر گروپ اپنی پرانی کارکردگی، تجربے اور روایتی حمایت کی بنیاد پر مقابلے میں ہے۔ کاروباری برادری، تاجر تنظیموں، مارکیٹ ایسوسی ایشنز اور نوجوان کاروباریوں میں اس مقابلے کو بے حد اہمیت دی جا رہی ہے، کیونکہ ملتان چیمبر کے انتخابات کا نتیجہ آنے والے برسوں میں شہر کی تجارتی، صنعتی اور معاشی پالیسیوں، مسائل کے حل اور کاروباری برادری کی حکومت سے نمائندگی پر اثر انداز ہوگا اور یہی وجہ ہے کہ دونوں گروپوں کے امیدوار اور حامی کاروباری برادری کے ہر طبقے تک اپنا پیغام پہنچانے، اعتماد حاصل کرنے اور ووٹروں کو اپنے حق میں لانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔

شیئر کریں

:مزید خبریں