تازہ ترین

ڈاکٹر احسن اظہر کیس میں نیا موڑ، 2 لیڈی پولیس افسران کی ترقی بند، جج کا دباؤ جاری

ملتان( کرائم سیل) سی پی او ملتان محمد صادق ڈوگر نے مختلف خواتین کو بلیک میل کر کے علاج کی آڑ میں ان سے غیر اخلاقی تعلقات قائم کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم ڈاکٹر احسن اظہر منیر کی تصویر شیئر کرنے پر ویمن پولیس سٹیشن کی ایس ایچ او زینب اعوان اور تفتیشی آفیسر مہک ریحان کی ایک سال کی ترقی روکنے کا حکم جاری کر دیا ہے جبکہ متعلقہ سول جج نے مدعیہ فاطمہ کی طرف سے ملزم ڈاکٹر احسن کو دوبارہ تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کرنے کے لیے دائر کی گئی درخواست منظور کر لی ہے۔ دوسری طرف ملزم کے ماموں جو کہ جنوبی پنجاب میں ایڈیشنل سیشن جج ہیں اپنے تعلقات بھرپور انداز میں استعمال کر رہے ہیں اور یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ایڈیشن سیشن جج نے ملزم کی طرف سے دائر کی گئی بعد از گرفتاری ضمانت کی درخواست پر متعلقہ ایس ایچ او کو حکم دیا ہے کہ آج بروز منگل صبح آٹھ بجے ملزم کو عدالت کے روبرو پیش کرے حالانکہ عمومی طور پر بعد از گرفتاری ملزم کو طلب نہیں کیا جاتا۔ اس تنبیہ کے حوالے سے فاطمہ کے ورثا نے اس شک کا اظہار کیا ہے کہ ممکن ہے کہ عدالت ملزم ڈاکٹر احسن اظہر منیر کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے اس کی فوری رہائی کا حکم جاری کر دے۔ علاوہ ازیں ابھی تک فرانزک لیبارٹری کی رپورٹ موصول نہیں ہوئی کیونکہ اس میں ہفتہ، ڈیڑھ ہفتہ لگ جاتا ہے۔

شیئر کریں

:مزید خبریں