ملتان( خصوصی رپورٹر) بہاءالدین زکریا یونیورسٹی میں ملازمین کے مطالبات پورے نہ ہونے پر ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کا دوسرے روز بھی احتجاج اور قلم چھوڑ ہڑتال، تفصیل کے مطابق ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر ملک صفدر حسین اور جنرل سیکرٹری رانا مدثر مشتاق کی قیادت میں یونیورسٹی کے ایڈمن بلاک کے کرش ہال میں دوسرے روز بھی احتجاج کیا گیا اور دفاتر میں قلم چھوڑ ہڑتال کی گئی ، اس موقع پر ملازمین کی کثیر تعداد نے کرش ہال میں دھرنا بھی دیا اور نعرے بازی کی ۔ بعدازاں رجسٹرار اعجاز احمد کے ساتھ مذاکرات بھی ہوتے رہے جو نتیجہ خیز ثابت نہ ہوئے، صدر ایمپلائز ویلفیئر ایسوسی ایشن ملک صفدر حسین نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ گزشتہ چھ ماہ سے ملازمین کو مسلسل ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں نئے داخلوں کا آغاز ہو چکا ہے اور ایسوسی ایشن ہرگز ایسا ماحول پیدا نہیں کرنا چاہتی جس سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جونیئر کلرکس، اسسٹنٹس، لیبارٹری اسٹاف، اسٹور کیپرز، اسٹور سپروائزرز، کمپیوٹر آپریٹرز، ڈیٹا انٹری آپریٹرز، پروگرامرز، سب انجینئرز، ویٹرنری اسسٹنٹس، فیلڈ اسسٹنٹس اور ایڈمن آفیسرز سمیت مختلف کیٹیگریز کے ملازمین کی پروموشنز فوری کی جائیں۔ جبکہ ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی، گریڈ ایک سے سولہ تک ٹائم اسکیل پروموشن، گریڈ ایک سے چار کے ملازمین کے لیے 20 فیصد کوٹہ کے تحت جونیئر کلرک کی ترقی، سکیورٹی اسٹاف کے لیے یونیفارم، جیکٹ اور بوٹ کی فراہمی، سکیورٹی اسٹاف کے گریڈ میں بہتری، لیو انکیشمنٹ کے اجراء، بونس اور اعزازیہ میں اضافے، ملازمین کے لیے ٹرانسپورٹ روٹس کی بحالی، فوت ہونے والے ملازمین کے لیے بس کی فراہمی، ملازمین کو تعلیم حاصل کرنے کی اجازت، ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز کے کھانے کے الاؤنس میں اضافے، یونیورسٹی کی رہائشی کالونیوں کی مرمت اور سینٹ و سنڈیکیٹ سے منظور شدہ یونیورسٹی اسٹیچوز پر فوری عملدرآمد کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو وہ احتجاج جاری رکھیں گے ۔







